يَعْلَمُ مَا يَلِجُ فِي الْأَرْضِ وَمَا يَخْرُجُ مِنْهَا وَمَا يَنزِلُ مِنَ السَّمَاءِ وَمَا يَعْرُجُ فِيهَا ۚ وَهُوَ الرَّحِيمُ الْغَفُورُ
جو کچھ زمین میں داخل ہوتا ہے یا اس سے نکلتا ہے نیز جو کچھ آسمان سے اترتا اور جو کچھ آسمان [٣] میں چڑھتا ہے، وہ ہر چیز کو جانتا ہے اور وہ رحم کرنے والا ہے اور معاف [٤] کرنے والا ہے
جو کچھ زمین میں داخل ہوتا ہے: ہر قسم کی نباتات کے بیج، بارش کا پانی، تمام جانداروں کے مردہ اجسام، اور حشرات الارض وغیرہ۔ زمین سے نکلنے والی چیزیں: مثلاً کھیتی، پودے، درخت، معدنیات، کئی قسم کے تیل اور گیسیں وغیرہ۔ آسمان سے اترنے والی چیزیں: مثلاً بارش، اللہ کی رحمت و برکت، وحی الٰہی اور فرشتے وغیرہ۔ آسمان کی طرف چڑھنے والی چیزیں: مثلاً دعا، فرشتے، انسانوں کے اعمال وغیرہ ان سب انواع اور جزئیات، سب کچھ اللہ کے علم میں ہے ۔ اللہ رحم کرنے والا ہے۔ یعنی انسانوں کی بد اعمالیوں پر انھیں فوراً سزا نہیں دے ڈالتا۔ یہ اس کی رحمت کا تقاضا ہے کہ انسانوں کو سنبھلنے کی مہلت دیتا ہے۔ اور جو سنبھل جائے تو اس کی سابقہ لغزشیں معاف کر دیتا ہے۔ (تیسیر القرآن)