سورة القصص - آیت 70

وَهُوَ اللَّهُ لَا إِلَٰهَ إِلَّا هُوَ ۖ لَهُ الْحَمْدُ فِي الْأُولَىٰ وَالْآخِرَةِ ۖ وَلَهُ الْحُكْمُ وَإِلَيْهِ تُرْجَعُونَ

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

وہی اللہ ہے جس کے سوا کوئی الٰہ نہیں۔ اسی کے لئے حمد ہے [٩٥] اس دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی۔ حکم اسی کا چلتا ہے اور تم اسی کی طرف لوٹائے جاؤ گے۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

الوہیت میں بھی اللہ یکتا ہے۔ اس کے سواکوئی ایسانہیں جس کی طرف مخلوق اپنی حاجتیں لے کر جائے۔ جس کے سامنے مخلوق عاجزی کرے۔ جو مخلوق کا ملجا و ماویٰ ہے۔ جو عبادت کے لائق ہے۔خالق و مختار رب وہی مالک وہی ہے۔اس کاعدل وحکمت اسی کے ساتھ ہے۔اس کے احکام کوکوئی ردنہیں کرسکتا۔اس کے ارادوں کو کوئی ٹال نہیں سکتا۔ غلبہ، حکمت، رحمت اسی کی ذات پاک میں ہے۔تم سب قیامت کے دن اسی کی طرف لوٹائے جاؤگے۔ وہ سب کوان کے اعمال کابدلہ دے گا۔ اس پر تمہارے کاموں میں سے کوئی کام چھپاہوانہیں رات اوردن میں جوہورہاہے۔اس پرپوشیدہ نہیں۔اس روزوہ نیکوں کو جزا اور بدوں کو سزا سے گا اور اپنی مخلوق میں فیصلے فرمائے گا۔