أَلَّا يَسْجُدُوا لِلَّهِ الَّذِي يُخْرِجُ الْخَبْءَ فِي السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ وَيَعْلَمُ مَا تُخْفُونَ وَمَا تُعْلِنُونَ
اس اللہ کو سجدہ نہیں کرتے جو ان چیزوں کو نکالتا ہے جو آسمانوں اور زمین میں پوشیدہ ہیں اور وہ سب کچھ جانتا ہے جسے تم چھپاتے ہو [٢٦] اور جسے ظاہر کرتے ہو۔
اس آیت کامطلب یہ ہے کہ سجدہ کرنے کے لائق تو وہ ذات ہے جو زمین و آسمان سے ان پوشیدہ چیزوں اور مخفی قوتوں کو بُروئے کار لا کر ان کی روزی کاسامان مہیا کرتی ہے نہ کہ سورج اور اس جیسی دوسری بے جان مخلوق یا محتاج اشیاء یعنی آسمان سے بارش برسانا اور زمین سے اس کی مخفی چیزیں، معدنیات، نباتات اور دیگر زمینی خزانے ظاہر فرماتا اور نکالتا ہے۔ نیز سجدہ کے لائق وہ ذات ہے جس کاعلم اتنا وسیع ہو جو صرف زمین و آسمان کی پوشیدہ قوتوں کو ہی نہیں جانتی بلکہ وہ تمہارے بھی سب ظاہری اور پوشیدہ اعمال سے پوری طرح واقف ہے۔