سورة النور - آیت 40

أَوْ كَظُلُمَاتٍ فِي بَحْرٍ لُّجِّيٍّ يَغْشَاهُ مَوْجٌ مِّن فَوْقِهِ مَوْجٌ مِّن فَوْقِهِ سَحَابٌ ۚ ظُلُمَاتٌ بَعْضُهَا فَوْقَ بَعْضٍ إِذَا أَخْرَجَ يَدَهُ لَمْ يَكَدْ يَرَاهَا ۗ وَمَن لَّمْ يَجْعَلِ اللَّهُ لَهُ نُورًا فَمَا لَهُ مِن نُّورٍ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

یا ( پھر کافروں کے اعمال کی مثال ایسی ہے) جیسے ایک گہرے سمندر میں اندھیرے ہوں جسے موج نے ڈھانپ لیا ہو۔ پھر اس کے اوپر ایک اور موج ہو اور اس کے اوپر بادل ہو ایک تاریکی [] پر ایک تاریکی چڑھی ہو اگر کوئی شخص اپنا ہاتھ نکالے تو اسے بھی نہ دیکھ سکے اور جسے اللہ روشنی نہ عطا کرے [] اس کے لئے (کہیں سے بھی) روشنی نہیں ( مل سکتی )

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

دوسری قسم کا کافر: یہ ان کافروں کی مثال ہے جو پکے اور ہٹ دھرم ہیں وہ صرف اللہ کی نافرمانی اور رسولوں کی تکذیب پر ہی اکتفا نہیں کرتے بلکہ رسول اور مومنوں کو ایذائیں اور دکھ بھی پہنچاتے ہیں، اور اللہ کی راہ سے روکنے کے لیے ہر وقت سرگرم عمل رہتے ہیں اس طرح ان کے کفر کا جرم شدید تر ہوتا چلا جاتا ہے اور اس پر ان کے کفر کی کئی تہیں چڑھتی جاتی ہیں ان کی مثال ایسی ہے جیسے کوئی شخص گہرے سمندر میں رات کے وقت سفر کر رہا ہو۔ موجوں پر موجیں اُٹھ رہی ہوں اور اوپر گہرے بادل بھی چھائے ہوں۔ اس طرح تین چار قسم کی تاریکیاں مل کر ایک گھٹا ٹوپ اندھیرا ہو جاتا ہے کہ اگر وہ شخص اپنا ہاتھ اپنی آنکھ کے سامنے لائے تو اپنے ہاتھ کو بھی دیکھ نہ سکے۔ کیا ایسے شخص سے توقع ہو سکتی ہے کہ وہ سیدھی راہ پر اپنا سفر جاری رکھ سکے گا۔ اللہ تعالیٰ نے کفر کو ہمیشہ اندھیرے یا اندھیروں سے اور ہدایت کو روشنی سے تعبیر کیا۔ اللہ جسے گمراہ کرے اس کے لیے کوئی ہادی نہیں ہوتا۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ ہمارے دلوں میں نور پیدا کر دے اور ہمارے دائیں بائیں بھی نور عطا فرمائے، اور ہمارے نور کو بڑھا دے آمین۔