سورة المؤمنون - آیت 78

وَهُوَ الَّذِي أَنشَأَ لَكُمُ السَّمْعَ وَالْأَبْصَارَ وَالْأَفْئِدَةَ ۚ قَلِيلًا مَّا تَشْكُرُونَ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

وہی تو ہے جس نے تمہیں کان، آنکھیں اور دل [٧٩] عطا کئے (تاکہ تم سنو، دیکھو اور غور کرو) مگر تم لوگ کم ہی شکرگزار ہوتے ہو۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

یعنی اللہ نے آنکھیں، کان اور دل اس لیے نہیں دئیے تھے کہ تم ان سے اتنا ہی کام لو جتنا جانور لیتے ہیں۔ تمہیں آنکھیں اس لیے دی تھیں کہ اپنی دنیوی ضرورتیں پوری کرو، اور کائنات میں ہر سو بکھری ہوئی اللہ کی نشانیوں کو بھی دیکھو، منزل من اللہ آیات کو اپنے کانوں سے غور سے سنو۔ پھر ان تمام نشانیوں پر غور و فکر کر کے معرفت الٰہی حاصل کرو اور اس کا شکر بجا لاؤ۔ لیکن شکر کرنے والے اور حق کو اپنانے والے کم ہی ہیں۔