سورة المؤمنون - آیت 59

وَالَّذِينَ هُم بِرَبِّهِمْ لَا يُشْرِكُونَ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

اور وہ اپنے پروردگار کے ساتھ کسی کو شریک نہیں ٹھہراتے

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

اللہ کے ہر امر کو وہ محبوب رکھتے ہیں۔ اللہ کے منع کردہ ہر کام کو وہ ناپسند کرتے ہیں۔ ہر خبر کو وہ سچ مانتے ہیں۔ شرک سے بیزار رہتے ہیں۔ اللہ کو واحد اور بے نیاز جانتے ہیں۔ اسے بے اولاد اور بیوی کے بغیر مانتے ہیں۔ اللہ کے نام پر خیراتیں کرتے ہیں لیکن خوف زدہ رہتے ہیں کہ ایسا نہ ہو کہ قبول نہ ہوئی ہو۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا کہ کیا یہ وہ لوگ ہیں جن سے چوری، زنا اور شراب خوری ہو جاتی ہے لیکن ان کے دل میں خوف الٰہی ہوتا ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اے صدیق کی بیٹی! یہ وہ نہیں بلکہ یہ وہ ہیں جو نمازیں پڑھتے ہیں، روزے رکھتے ہیں، صدقے کرتے ہیں، لیکن قبول نہ ہونے سے ڈرتے ہیں یہی ہیں جو نیکیوں میں سبقت کرتے ہیں۔‘‘ (ترمذی: ۳۱۷۵)