سورة البقرة - آیت 263

قَوْلٌ مَّعْرُوفٌ وَمَغْفِرَةٌ خَيْرٌ مِّن صَدَقَةٍ يَتْبَعُهَا أَذًى ۗ وَاللَّهُ غَنِيٌّ حَلِيمٌ

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

اچھی بات اور درگزر کردینا [٣٧٩] ایسے صدقے سے بہتر ہے جس کے بعد ایذا دی جائے۔ اور اللہ بے نیاز ہے اور بردبار ہے۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

سائل سے نرمی اور شفقت سے بولنا، دعائیہ کلمات جیسے اللہ تجھے بھی اور ہمیں بھی اپنے فضل و کرم سے نوازے وغیرہ سے اس کو جواب دینا قول مصروف ہے۔ و مغفرۃ کا مطلب سائل اور اس کی حاجت کا لوگوں کے سامنے پردہ پوشی کرنا ہے۔ یعنی سائل سے نرمی و شفقت، چشم پوشی، پردہ پوشی اس صدقہ سے بہتر ہے جس کے بعد اس کو لوگوں میں ذلیل و رسوا کرکے اُسے تکلیف پہنچائی جائے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’پاکیزہ کلمہ بھی صدقہ ہے۔‘‘(بخاری: ۶۰۲۱) نیز فرمایا: ’’تم کسی نیکی کو حقیر مت سمجھواگرچہ اپنے بھائی سے خندہ پیشانی سے ملنا ہی ہو۔‘‘ (مسند احمد: ۳/۳۴۴، ح: ۱۴۷۰۸۔ ترمذی: ۱۹۷۰)