سورة الأنبياء - آیت 52

إِذْ قَالَ لِأَبِيهِ وَقَوْمِهِ مَا هَٰذِهِ التَّمَاثِيلُ الَّتِي أَنتُمْ لَهَا عَاكِفُونَ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

جب اس نے اپنے باپ اور اپنی قوم سے کہا تھا کہ : یہ مورتیاں کیا ہیں جن کے آگے تم بندگی کے لئے [٤٧] بیٹھے رہتے ہو؟

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

یہ سیدنا ابراہیم علیہ السلام کی ہوش مندی کا تقاضا تھا کہ جب انھوں نے اپنے باپ اور اپنی قوم کے لوگوں کو بے جان اور ساکت و صامت بتوں کے سامنے سجدہ زیر دیکھا تو فوراً دل میں سوچنے لگے کہ ان بے جان پتھروں کے سامنے، جو نہ حرکت کرتے ہیں، نہ سنتے ہیں نہ بولتے ہیں سجدہ کرنا تو انسانیت كی سراسر توہین و تذلیل ہے۔ قوم کی اس انسانیت سوز حرکت پر وہ مدتوں دل ہی دل میں کڑھتے اور نفرت کرتے رہے بالآخر انھوں نے اپنی طبیعت کے تقاضا سے مجبور ہو کر اپنے باپ اور اپنی قوم سے یہ سوال کر ہی دیا کہ مجھے بھی تو کچھ بتاؤ کہ جن بے جان مورتیوں کے سامنے بیٹھ کر تم ان کی عبادت کرتے ہو اس کا فائدہ کیا ہے؟