قَالَ رَبِّ اجْعَل لِّي آيَةً ۚ قَالَ آيَتُكَ أَلَّا تُكَلِّمَ النَّاسَ ثَلَاثَ لَيَالٍ سَوِيًّا
زکریا نے عرض کیا : '' پروردگار! پھر میرے لئے کوئی نشانی مقرر کردے'' اللہ تعالیٰ نے فرمایا''تیرے لئے نشانی [١٢] یہ ہے کہ تو مسلسل تین رات تک لوگوں سے گفتگو نہ کرسکے گا''
تشفی قلب کے لیے ایک اور مانگ: حضرت زکریا علیہ السلام اپنے مزید اطمینان اور تشفی قلب کے لیے اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ اس بات پر کوئی نشانی ظاہر فرما۔ جیسے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے مردوں کو جی اُٹھنے کی دیکھنے کی تمنا کی تھی۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ تو گونگا نہ ہوگا، بیمار نہ ہوگا، لیکن تیری زبان سے گفتگو نہ ہو سکے تو سمجھ لینا کہ خوش خبری کے دن قریب آگئے ہیں تب تین دن رات تک یہی حالت رہے گی۔ تفسیر طبری میں ہے کہ پھر یہی ہوا بھی کہ اس وقت تسبیح، حمد و ثنا، استغفار پر تو زبان چلتی تھی لیکن لوگوں سے بات نہ کرسکتے تھے۔