قَيِّمًا لِّيُنذِرَ بَأْسًا شَدِيدًا مِّن لَّدُنْهُ وَيُبَشِّرَ الْمُؤْمِنِينَ الَّذِينَ يَعْمَلُونَ الصَّالِحَاتِ أَنَّ لَهُمْ أَجْرًا حَسَنًا
یہ سیدھا راستہ [٢] بتانے والی کتاب ہے تاکہ لوگوں کو اللہ کے سخت عذاب سے ڈرائے اور ان ایمانداروں کو جو نیک عمل کرتے ہیں یہ بشارت [٣] دے دے کہ ان کے لئے اچھا اجر ہے۔
یہ کتاب لوگوں کو سیدھا راستہ دکھانے والی ہے۔ اس میں کوئی کجی، کمی اور کوئی کسر نہیں یہ کتاب صاف اور واضح ہے۔ بدکاروں کو ڈرانے والی، نیک کاروں کو خوشخبریاں سنانے والی، معتدل اور سیدھی ہے۔ مخالفوں، منکروں کو خوف ناک عذابوں کی خبر دینے والی کتاب ہے۔ جو اس پر یقین کرے، ایمان لائے اور نیک عمل کرے، اسے یہ کتاب اجر عظیم کی خوش خبری سناتی ہے۔ علاوہ ازیں یہ کتاب سابقہ آسمانی کتابوں کے لیے ایک معیار اور کسوٹی کا کام دیتی ہے۔ ایک تو اس میں سابقہ تعلیمات کا خلاصہ موجود ہے۔ دوسرے یہ کہ سابقہ کتابوں کے صحیح اور منزل من اللہ مضامین کی تصدیق بھی کرتی ہے۔ اور اگر کہیں تضاد ہوگا تو وہ اہل کتاب کی تحریف لفظی و معنوی کی وجہ سے ہوگا یا پھر یہ تضاد ان کا اپنی طرف سے اضافہ ہوگا۔