نَّحْنُ أَعْلَمُ بِمَا يَسْتَمِعُونَ بِهِ إِذْ يَسْتَمِعُونَ إِلَيْكَ وَإِذْ هُمْ نَجْوَىٰ إِذْ يَقُولُ الظَّالِمُونَ إِن تَتَّبِعُونَ إِلَّا رَجُلًا مَّسْحُورًا
ہم خوب جانتے ہیں کہ جب وہ آپ کی طرف کان لگاتے ہیں [٥٧] تو کس بات پر لگاتے ہیں اور یہ بھی جانتے ہیں جو وہ سرگوشی کرتے ہیں جب یہ ظالم کہتے ہیں کہ : ''تم ایک سحر زدہ آدمی کی پیروی [٥٨] کر رہے ہو''
کافروں کے قرآن کو غور سے سننے کی وجہ: یعنی اگر وہ آپ کی باتیں غور سے سنتے ہیں تو اس لیے نہیں کہ انھیں ہدایت نصیب ہو، بلکہ اس لیے سنتے ہیں کہ انھیں کوئی ایسا نکتہ ہاتھ آجائے جس کی بنا پر یاتو اس نبی کی تکذیب کریں یا اس کا مضحکہ اُڑا سکیں اور ظاہر ہے کہ ایسی باتوں کی تلاش کے لیے غور سے سننا ہی پڑتا ہے۔ علاوہ ازیں جب آپ قرآن پڑھنے میں مشغول ہوتے ہیں تو یہ آپس میں چپکے چپکے کہا کرتے ہیں کہ اس پر کسی نے جادو کر دیا ہے۔ چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو کبھی ساحر، کبھی مجنوں تو کبھی کاہن کہتے ہیں اس لیے ہدایت کا راستہ انھیں کیسے مل سکتا ہے۔