سورة النحل - آیت 17

أَفَمَن يَخْلُقُ كَمَن لَّا يَخْلُقُ ۗ أَفَلَا تَذَكَّرُونَ

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

(اب ذرا سوچو) کیا وہ اللہ جو (یہ سب چیزیں) پیدا کرتا ہے اس جیسا ہوسکتا ہے جو کچھ بھی پیدا نہیں کرسکتا ؟[١٨] پھر بھی تمہیں سمجھ نہیں آتی؟

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

ان تمام نعمتوں کاتذکرہ کرکے تو حید کی اہمیت کو اُجاگر کیاہے اور جس قدر نشانیاں اور قدر تیں بیان کی گئی ہیں وہ سب فطری چیزیں ہیں جن کو سمجھنے کے لیے کسی خاص علم کی ضرورت نہیں ۔ ہر پڑھا لکھا ان پڑھ سب ان کو دیکھ کر ان پرغور کرسکتے ہیں۔ ایسی ہی چیزوں کو اللہ تعالیٰ نے دلیل کے طور پر پیش کرکے پوچھاہے کہ یہ سب کچھ تو اللہ نے پیداکیاہے۔ اب تم بتاؤ کہ تمہارے شریکوں نے بھی کچھ پیداکیاہے ۔ نہیں بلکہ وہ تو خود اللہ کی مخلوق ہیں پھر بھلا خالق ومخلوق کس طرح برابر ہوسکتے ہیں۔ پھر ان دونوں کی عبادت کرناکس قدر ظلم کاکام ہے۔ کیاتم ذرا نہیں سوچتے؟