سورة البقرة - آیت 171

وَمَثَلُ الَّذِينَ كَفَرُوا كَمَثَلِ الَّذِي يَنْعِقُ بِمَا لَا يَسْمَعُ إِلَّا دُعَاءً وَنِدَاءً ۚ صُمٌّ بُكْمٌ عُمْيٌ فَهُمْ لَا يَعْقِلُونَ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

کافروں کی مثال ایسی ہے کہ کوئی شخص ایسی چیز (مثلا جانوروں) کو پکارتا ہے وہ جانور اس کی پکار اور آواز کے سوا کچھ بھی سمجھ نہیں [٢١٣] سکتے اسی طرح یہ ( کافر) بھی بہرے، گونگے اور اندھے ہیں جو کوئی بات سمجھ نہیں سکتے

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

ان کافروں کی مثال جنھوں نے اپنے آباء کی تقلید میں اپنی عقل و فہم کو استعمال نہیں کیا ایسی ہے جیسے وہ جانور جن كو چرواہا بلاتا اور پکارتا ہے وہ جانورآواز تو سنتے ہیں لیکن یہ نہیں سمجھتے کہ انھیں کیوں بلایا اور پکارا جارہا ہے۔ اسی طرح یہ اپنے آباء کی پیروی کرنے والے بھی بُرے ہیں کہ حق کی آواز نہیں سنتے گونگے ہیں، کہ حق انکی زبان سے نکلتا نہیں۔ اندھے ہیں کہ حق دیکھنے سے عاجز ہیں اور بے عقل ہیں کہ دعوت حق و توحید و سنّت کو سمجھنے سے قاصر ہیں۔