وَأُدْخِلَ الَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ جَنَّاتٍ تَجْرِي مِن تَحْتِهَا الْأَنْهَارُ خَالِدِينَ فِيهَا بِإِذْنِ رَبِّهِمْ ۖ تَحِيَّتُهُمْ فِيهَا سَلَامٌ
جو لوگ ایمان لائے اور نیک عمل کرتے رہے انھیں ایسے باغوں میں داخل کیا جائے گا جن میں نہریں بہ رہی ہیں وہ اللہ کے حکم سے ان میں ہمیشہ [٢٨] رہیں گے۔ وہاں ان کی دعائے ملاقات [٢٩] سلام ہوگی
یہاں جنت کاذکر اسی سنت الٰہی کے مطابق آیاہے، جہاں اہل دوزخ کا تفصیل سے ذکر آئے تو ساتھ ہی اہل جنت کاتھوڑا سا ذکر کردیاجائے اور جہاں اہل جنت کاتفصیلی ذکر آئے تو ساتھ ہی مختصر سا اہل دوزخ کا بھی ذکر کردیاجائے ۔ یہ مضمون سورت زمر: ۷۳ میں بھی بیان کیا گیا ہے کہ جب جنتی جنت میں جائیں گے اور اس کے دروازے ان کے لیے کھولے جائیں گے اور وہاں کے داروغہ انھیں سلام علیک کہیں گے ۔ یعنی آپس میں ان کا تحفہ ایک دوسرے کو سلام کرناہوگا۔ علاوہ ازیں فرشتے بھی ہر ہر دروازے سے داخل ہو کر انھیں سلام عرض کریں گے۔ وہاں سلامتی تو پہلے ہی موجود ہوگی وہاں سلام کا مطلب یہ ہوگاکہ تمہیں یہ سلامتی مبارک ہو۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿دَعْوٰىهُمْ فِيْهَا سُبْحٰنَكَ اللّٰهُمَّ وَ تَحِيَّتُهُمْ فِيْهَا سَلٰمٌ وَ اٰخِرُ دَعْوٰىهُمْ اَنِ الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِيْنَ﴾ (یونس: ۱۰) ان کی پکار و ہاں اللہ کی پاکیزگی کابیان ہوگا اور ان کاتحفہ وہاں سلام ہوگا، اور ان کی آخری آواز اللہ رب العالمین کی حمد ہوگی۔