سورة البقرة - آیت 158

إِنَّ الصَّفَا وَالْمَرْوَةَ مِن شَعَائِرِ اللَّهِ ۖ فَمَنْ حَجَّ الْبَيْتَ أَوِ اعْتَمَرَ فَلَا جُنَاحَ عَلَيْهِ أَن يَطَّوَّفَ بِهِمَا ۚ وَمَن تَطَوَّعَ خَيْرًا فَإِنَّ اللَّهَ شَاكِرٌ عَلِيمٌ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

صفا اور مروہ اللہ کی نشانیوں میں سے ہیں۔ لہٰذا جو شخص کعبہ کا حج کرے یا عمرہ کرے تو اس پر کچھ گناہ نہیں کہ وہ ان دونوں کا طواف کرے [١٩٧] اور جو شخص برضا و رغبت نیکی کا کوئی کام کرے تو بے شک اللہ بڑا قدر دان ہے اور ہر بات کو جاننے والا ہے

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

صفا اور مروہ خانہ کعبہ کے نزدیک دو پہاڑیاں ہیں۔ جن کے درمیان سات بار دوڑنا مناسک حج میں شامل ہے۔ جو اللہ تعالیٰ نے حضرت ابراہیم کو سکھائے تھے۔ جب بعد كے زمانہ میں مشرکانہ جاہلیت پھیل گئی تو مشرکوں نے صفا پر اُساف اور مروہ پر نائلہ کے بت رکھ دیے اور ان کے گرد طواف کرتے تھے۔ یہی وجہ تھی کہ مسلمانوں کے دلوں میں یہ سوال کھٹکنے لگا کہ آیا صفا و مروہ کے درمیان سعی کرنا حج کے اصلی مناسک میں سے ہے یا محض مشرکانہ دور کی ایجاد ہے۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرماکر مسلمانوں کی غلط فہمی دور کردی۔