سورة ھود - آیت 46

قَالَ يَا نُوحُ إِنَّهُ لَيْسَ مِنْ أَهْلِكَ ۖ إِنَّهُ عَمَلٌ غَيْرُ صَالِحٍ ۖ فَلَا تَسْأَلْنِ مَا لَيْسَ لَكَ بِهِ عِلْمٌ ۖ إِنِّي أَعِظُكَ أَن تَكُونَ مِنَ الْجَاهِلِينَ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

اللہ نے جواب دیا : ’’نوح وہ تیرے اہل سے نہیں تھا کیونکہ اس کے عمل اچھے نہ تھے لہٰذا جس بات کا تمہیں علم نہیں اس کا مجھ سے سوال نہ کرو۔ میں تجھے نصیحت کرتا ہوں کہ جاہلوں [٥١] کی سی درخواست نہ کرو‘‘

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

نبوت زادگی اللہ کے عذاب سے نہیں بچا سکتی: اللہ تعالیٰ نے جواب دیا۔ ہرگز وہ تمھارے اہل میں سے نہیں تھا خواہ وہ تمھارا صُلبی بیٹا ہی تھا۔ اس سوال و جواب سے ایک نہایت اہم سبق ملتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے ہاں صرف ایمان اور عمل صالحہ ہی کی قدر وقیمت ہے۔ اور ایک نبی کا اصل گھرانہ تو وہی ہے جو اس پر ایمان لائے چاہے وہ کوئی بھی ہو۔ اور اگر ایمان نہ لائے تو چاہے وہ کوئی بھی ہو یعنی وہ نبی کا باپ ہو، بیٹا ہو یا بیوی ہو وہ نبی کے گھرانے کا فرد نہیں۔ یہ اللہ نے اس بات کی علت بیان فرما دی کہ جس کے پاس ایمان اور عمل صالح نہیں ہوگا اسے اللہ کے عذاب سے اللہ کا پیغمبر بھی بچانے پر قادر نہیں۔ آج کل لوگ پیروں، فقیروں اور سجادہ نشینوں سے وابستگی کو ہی نجات کے لیے کافی سمجھتے ہیں۔ نبی کو نصیحت: جاہلوں کی سی دراخواست نہ کرو۔ اس سے معلوم ہوا کہ نبی عالم الغیب نہیں ہوتا۔ اس کو اتنا ہی علم ہوتا ہے جتنا اللہ تعالیٰ وحی کے ذریعے سے اسے عطا فرما دیتا ہے۔ اگر نوح علیہ السلام کو پہلے سے اس کا علم ہوتا کہ ان کی درخواست قبول نہیں ہوگی تو یقینا وہ اس سے پرہیز کرتے۔