وَلَوْ شَاءَ رَبُّكَ لَآمَنَ مَن فِي الْأَرْضِ كُلُّهُمْ جَمِيعًا ۚ أَفَأَنتَ تُكْرِهُ النَّاسَ حَتَّىٰ يَكُونُوا مُؤْمِنِينَ
اور اگر آپ کا پروردگار چاہتا تو جتنے لوگ زمین میں موجود ہیں سب کے سب ایمان لے آتے، پھر کیا آپ لوگوں کو مجبور کریں گے کہ [١٠٧] وہ ایمان لے آئیں۔
اللہ کی حکمت سے کوئی آگاہ نہیں: اللہ ایسا نہیں چاہتا کیونکہ یہ اس کی حکمت و مصلحت کے خلاف ہے۔ اس لیے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے فرمایا، یہ نہیں ہو سکتا کیونکہ مشیت الٰہی کا تقاضا یہ ہے کہ جو لوگ ایمان لائیں بصیرت و شعور، اپنے ارادہ واختیار کو پوری آزادی کے ساتھ استعمال کرکے لائیں۔ لہٰذاآپ صلی اللہ علیہ وسلم کی یہ ذمہ داری نہیں کہ کسی کو ایمان لانے پر مجبورکریں اور نہ ہی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو ان کے ایمان نہ لانے کی وجہ سے کچھ رنج کرنے یا پریشان ہونے کی ضرورت ہے۔ یہ تو اللہ کے قبضے میں ہے کہ وہ کس کو ہدایت دیتا ہے اور کس کو نہیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم تو صرف نصیحت کردینے والے ہیں۔