سورة یونس - آیت 19

وَمَا كَانَ النَّاسُ إِلَّا أُمَّةً وَاحِدَةً فَاخْتَلَفُوا ۚ وَلَوْلَا كَلِمَةٌ سَبَقَتْ مِن رَّبِّكَ لَقُضِيَ بَيْنَهُمْ فِيمَا فِيهِ يَخْتَلِفُونَ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

ابتداًء لوگ ایک ہی امت تھے پھر انہوں نے آپس میں اختلاف [٣٠] کیا اور اگر تیرے پروردگار کی طرف سے ایک بات پہلے [٣١] سے طے شدہ نہ ہوتی تو جس بات میں وہ اختلاف کر رہے تھے ان کے درمیان اس کا فیصلہ ہوچکا ہوتا

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ سنو پہلے سب ہی لوگ مسلمان تھے یعنی حضرت آدم علیہ السلام سے لے کر حضرت نوح علیہ السلام تک دس صدیاں لوگ مسلمان تھے۔ پھر اختلاف رو نما ہوا پھر لوگوں نے غیر خدا کی پرستش شروع کر دی۔ اللہ تعالیٰ نے رسولوں کا سلسلہ جاری کیا تاکہ ثبوت و دلیل کے بعد جس کا جی چاہے فرمانبرداری کرے اور جس کا جی چاہے نافرمانی کرے۔ چونکہ اللہ کی طرف سے فیصلے کا دن مقرر ہے۔ اور حجت تمام کرنے سے پہلے عذاب نہیں ہوتا اس لیے موت کا وقت مقرر ہے۔ ورنہ ابھی حساب چکا دیا جاتا۔ مومنوں کو سعادت مند اور کافروں کو عذاب و حشت میں مبتلا کر چکا ہوتا۔ (ابن کثیر)