سورة یونس - آیت 13

وَلَقَدْ أَهْلَكْنَا الْقُرُونَ مِن قَبْلِكُمْ لَمَّا ظَلَمُوا ۙ وَجَاءَتْهُمْ رُسُلُهُم بِالْبَيِّنَاتِ وَمَا كَانُوا لِيُؤْمِنُوا ۚ كَذَٰلِكَ نَجْزِي الْقَوْمَ الْمُجْرِمِينَ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

ہم تم سے پہلے کی بہت سی قوموں [١٩] کو ہلاک کرچکے ہیں جبکہ انہوں نے ظلم کی روش [٢٠] اختیار کی۔ ان کے پاس ان کے رسول واضح دلائل لے کر آئے مگر وہ ایمان لانے والے نہ تھے۔ ہم مجرم لوگوں کو ایسے ہی سزا دیتے ہیں

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

یہاں کفار مکہ کو تنبیہ کی جا رہی ہے کہ جس طرح گزشتہ اُمتوں کو ہلاک کیا تم بھی اس سے دو چار ہو سکتے ہو، جو اپنے اپنے دور میں عروج پر تھیں اور اقوام عالم میں نامور شمار ہوئی تھیں ہلاک کرنے سے مراد یہی نہیں کہ ان پر کوئی ارضی و سماوی عذاب بھیج کر ان کی نسل کو تباہ و برباد کر ڈالا بلکہ ایک صورت یہ بھی ہوتی ہے کہ جتنا اس قوم نے عروج حاصل کیا ہوتا ہے اتنا ہی وہ زوال پذیر ہو جائے حتیٰ کہ اتنی قعر ذلت میں جا گرے کہ اقوام عالم میں شمار کے قابل ہی نہ رہے۔ ظلم کی روش اختیار کی: ظلم کا مفہوم بے حد وسیع ہے اس کا اطلاق ہر گناہ اور زیادتی کے کام پر ہو سکتا ہے۔ سب سے بڑا گناہ ظلم کو شرک عظیم کہا گیا ہے۔ اس آیت میں بتلایا گیا ہے کہ جب کوئی قوم سر نکالتی یا عروج حاصل کرتی ہے تو یہی وقت اس کے ظلم و زیادتی کا ہوتا ہے۔ لوگوں کو اپنے سے کمتر سمجھنا۔ جائز و ناجائز طریقے سے تسلط جمانا، اللہ کی یادسے غافل ہو کر گناہ کے کام کرنا، ایسے ہی اوقات میں اللہ تعالیٰ ان کے پاس اپنے رسول بھیجتا ہے۔ مگر جو لوگ عیش و عشرت اور گناہ کے کاموں میں مستغرق ہوں وہ بھلا رسولوں کی بات کب مانتے ہیں اور ان کا انکار ہی کرتے ہیں۔ اس طرح اللہ تعالیٰ کی طرف سے حجت پوری ہو جاتی ہے اور وہ اپنا طرز زندگی نہیں بدلتے تو ان کے جرم کی پاداش میں اللہ تعالیٰ انھیں ہلاک کر ڈالتا ہے۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں دنیامیٹھی، مزے کی، سبز رنگ والی ہے۔ اللہ تعالیٰ اس میں تمھیں خلیفہ بنا کر دیکھ رہا ہے کہ تم کیسے اعمال کرتے ہو؟ دنیاسے ہوشیار رہو اور عورتوں سے ہوشیار رہو بنی اسرائیل میں سب سے پہلا فتنہ عورتوں ہی کا آیا تھا۔ (مسلم: ۲۷۴۲)