سورة البقرة - آیت 130

وَمَن يَرْغَبُ عَن مِّلَّةِ إِبْرَاهِيمَ إِلَّا مَن سَفِهَ نَفْسَهُ ۚ وَلَقَدِ اصْطَفَيْنَاهُ فِي الدُّنْيَا ۖ وَإِنَّهُ فِي الْآخِرَةِ لَمِنَ الصَّالِحِينَ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

اور ابراہیم کے دین [١٦٣] سے تو وہی نفرت کرسکتا ہے جس نے خود اپنے آپ کو احمق بنا لیا ہو۔ بے شک ہم نے ابراہیم کو دنیا میں (اپنے کام کے لیے) چن لیا اور آخرت میں بھی وہ صالح لوگوں میں سے ہوں گے

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

دین کا مطلب اللہ تعالیٰ کی مکمل حاکمیت اور اپنی مکمل عبودیت کو تسلیم کرلینا ہے۔ حضرت ابراہیم نے اپنے طرز عمل و فکر کو مکمل طور پر اللہ کی م رضی کے تابع بنالیا تھا اور (۱) آپ آزمائشوں پر پورا اترنے والے۔ (۲) سب لوگوں کے پیشوا امام۔ (۳) اللہ تعالیٰ کے گھر کو پاک صاف رکھنے والے۔ (۴) اللہ تعالیٰ سے اپنی ذات۔ اولاد اور اپنی قوم كے لیے دنیا و آخرت کی بھلائیوں کی دعائیں کرنے والے۔ (۵) اللہ تعالیٰ کا گھر بنانے والے یکسو اور حنیف ۔ (۶) صالح مسلم۔ (۷) اپنی اولاد کو اللہ تعالیٰ کی اطاعت کی نصیحت کرنے والے۔ (۸) اللہ تعالیٰ کے آگے جھکنے والے تھے کبھی رخ کسی اور طرف نہیں ہوا تھا۔ اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شکر ادا کرنے والے تھے۔ (۹) وہ شرک کرنے والوں میں سے نہیں تھے۔ اللہ تعالیٰ نے انھیں منتخب کرلیا برگزیدہ کیاآپ جہاں نماز کے لیے کھڑے ہوتے تھے اُسے مستقل جائے نماز بنانے کا حکم ہوا۔ اب کوئی بے وقوف شخص ہی ایسی پسندیدہ روش سے منہ موڑ سکتا ہے۔