سورة الانفال - آیت 29

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِن تَتَّقُوا اللَّهَ يَجْعَل لَّكُمْ فُرْقَانًا وَيُكَفِّرْ عَنكُمْ سَيِّئَاتِكُمْ وَيَغْفِرْ لَكُمْ ۗ وَاللَّهُ ذُو الْفَضْلِ الْعَظِيمِ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

اے ایمان والو! اگر تم اللہ سے ڈرتے رہے تو اللہ تمہیں قوت [٣٠] تمیز عطا کرے گا، تم سے تمہاری برائیاں دور کردے گا اور تمہیں بخش دے گا اور اللہ بڑا ہی فضل کرنے والا ہے

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

تقوی کے ثمرات: یعنی اگر تم اس بات سے ڈرتے رہو جو اللہ کی رضا کے خلاف ہے۔تو اللہ تمہارے اندر ایسا نو ر بصیرت یا قوت تمیز پیدا کردے گا جو زندگی کے ہر موڑ پر تمہاری راہنمائی کرئے گا۔ (1) جس سے حق و باطل میں تمیز ہو جائے گی۔ (2) دنیا و آخرت کی سعادت مندی حاصل ہوگی۔ (3) برائیوں کو مٹا دیا جائے گا اور اکثر و بیشتر گنا ہ معاف کر دیے جائیں گے، چنانچہ ارشاد ہے: ﴿يٰۤاَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوا اتَّقُوا اللّٰهَ وَ اٰمِنُوْا بِرَسُوْلِهٖ يُؤْتِكُمْ كِفْلَيْنِ مِنْ رَّحْمَتِهٖ وَ يَجْعَلْ لَّكُمْ نُوْرًا تَمْشُوْنَ بِهٖ وَ يَغْفِرْ لَكُمْ وَ اللّٰهُ غَفُوْرٌ رَّحِيْمٌۚ﴾ (الحدید: ۲۸) ’’اے مسلمانو! اللہ کا ڈر دلوں میں رکھو، اور اس کے رسول پر ایمان لاؤ،وہ تمہیں اپنی رحمت کے دوہر ے حصے دے گا، اور تمہارے لیے ایک نور مہیا کر دے گا، جس کے ساتھ تم چلتے پھرتے رہو گے اور تمہیں بخش بھی دے گا اور اللہ غفورا لرحیم ہے۔‘‘