قُل لِّلْمُخَلَّفِينَ مِنَ الْأَعْرَابِ سَتُدْعَوْنَ إِلَىٰ قَوْمٍ أُولِي بَأْسٍ شَدِيدٍ تُقَاتِلُونَهُمْ أَوْ يُسْلِمُونَ ۖ فَإِن تُطِيعُوا يُؤْتِكُمُ اللَّهُ أَجْرًا حَسَنًا ۖ وَإِن تَتَوَلَّوْا كَمَا تَوَلَّيْتُم مِّن قَبْلُ يُعَذِّبْكُمْ عَذَابًا أَلِيمًا
آپ پیچھے رہ جانے والے بدویوں سے کہئے کہ : عنقریب تمہیں ایک سخت جنگجو قوم سے (مقابلہ کے لئے) بلایا جائے گا۔ تمہیں ان سے لڑنا ہوگا [٢١] یا وہ مطیع ہوجائیں گے۔ اس وقت اگر تم حکم مانو گے تو اللہ تمہیں اچھا اجر عطا کرے گا اور اگر تم نے منہ پھیر لیا جیسے پہلے پھیر لیا تھا تو اللہ تمہیں دردناک سزا دے گا
(٤) آپ ان سے کہہ دیجئے کہ تم اس لڑائی میں نہیں جاسکتے لیکن آگے بہت معرکے پیش آنے والے ہیں بڑی سخت جنگجو قوموں سے مسلمانوں کے مقابلے ہوں گے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا اگر تمہیں واقعی شوق جہاد ہے تو اس وقت میدان میں آکر شجاعت دینا۔ علمانے لکھا ہے کہ ان جنگجو قوموں سے مراد بنوحنیفہ وغیرہ کے قبائل ہیں جو مسلیمہ کذاب کی قوم تھی یابنی ہوازن وثقیف مراد ہیں جن سے جنگ حنین میں مقابلہ ہوا یافارس وروم کی قومیں مراد ہیں جن سے خلفائے راشدین نے جنگیں کیں۔