سورة النور - آیت 34

وَلَقَدْ أَنزَلْنَا إِلَيْكُمْ آيَاتٍ مُّبَيِّنَاتٍ وَمَثَلًا مِّنَ الَّذِينَ خَلَوْا مِن قَبْلِكُمْ وَمَوْعِظَةً لِّلْمُتَّقِينَ

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

ہم نے تمہاری طرف واضح احکام بتلانے والی آیات بھی نازل کی ہیں اور ان لوگوں کی مثالیں [٥٨] بھی جو تم سے پہلے گزر چکے ہیں اور پرہیزگاروں کے لئے نصیحتیں بھی نازل کردی ہیں۔

تفسیر ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

(٢٢) آیت ٣٣ پر احکام سورت کا پہلاحصہ ختم ہوگیا اور ٣٤ سے سلسلہ بیان تذکیرہ موعظت کی طرف متوجہ ہوگیا ہے تاکہ ازدواجی زنگی اور جنسی پاکیزگی کے جو احکام دیے گئے ہیں ان کے فہم وعمل کے لیے طبیعتیں مستعد ہوجائیں یہ قرآن مجید کا عام اسلوب بیان ہے کہ وہ احکام ونواہی کو بھی موعظت کے پیرائے میں بیان کرتا ہے قانون کی کتابوں کی طرح بیان نہیں کرتا۔ چنانچہ یہاں فرمایا قرآن تین طرح کی باتوں پر مشتمل ہے آیات بینات، پچھلی قوموں کا تذکرہ اور متقیوں کے لیے موعظت۔ پھر ایک خاص موعظت شروع ہوئی ہے اور یکے بعد دیگرے دو مثالیں بیان فرمائی ہیں پہلی ایمان اور ایمان والوں کے کاموں کی ہے دوسری کفر اور اصحاب کفر کے اعمال کی تشریح آخر میں ملے گی۔