سورة المؤمنون - آیت 44

ثُمَّ أَرْسَلْنَا رُسُلَنَا تَتْرَىٰ ۖ كُلَّ مَا جَاءَ أُمَّةً رَّسُولُهَا كَذَّبُوهُ ۚ فَأَتْبَعْنَا بَعْضَهُم بَعْضًا وَجَعَلْنَاهُمْ أَحَادِيثَ ۚ فَبُعْدًا لِّقَوْمٍ لَّا يُؤْمِنُونَ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

پھر اس کے بعد ہم نے پے در پے اپنے رسول بھیجے جب بھی کسی قوم کے پاس اس کا رسول آتا تو وہ اسے جھٹلا دیتے تو ہم ایک قوم کے بعد دوسری قوم کو ہلاک کرتے رہے تاآنکہ انھیں افسانے [٤٦] بنا دیا۔ سو ان لوگوں پر پھٹکار ہو جو ایمان نہیں لاتے۔

تفسیر ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

آیت (٤٤) سے معلوم ہوا کہ ان عہدوں میں بے شمار قومیں ابھریں اور پامال ہوئیں اور خدا کے رسولوں کا بھی بکثرت اور لگاتار ظہور ہوا کیونکہ فرمایا (ارسلنا رسلنا تترا) اور (اتبعنا بعضھم بعضا) یکے بعد دیگرے لگاتار رسول ظاہر ہوتے رہے اور ایک کے بعد ایک قومیں ابھری اور پاداش عمل میں پامال ہوتی رہیں۔