سورة طه - آیت 41

وَاصْطَنَعْتُكَ لِنَفْسِي

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

اور میں نے تمہیں اپنے کام [٢٧] کا بنا لیا ہے۔

تفسیر ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اس کے بعد فرمایا : (واصطنعتک لنفسی) میں نے تجھے اپنے لیے بنایا اور تیار کیا، اپنے لیے اپنے کام کے لیے، کائنات کی ہر چیز اللہ ہی کے لیے بنتی ہے لیکن جن انسانوں کا ظہور اس لیے ہوتا ہے کہ اس کی سچائی اور عدالت کے قیام کا ذریعہ ہوں انہیں وہ خصوصیت کے ساتھ اپنی طرف منسوب کرتا ہے اور یہ وحی کی عام اصطلاح ہے۔ گویا قدرت انہیں اس لیے بناتی ہے کہ اور کسی کام کے لیے نہ ہوں، صرف اسی ایک کام کے لیے پیدا ہوں، زندہ رہیں اور جان دے دیں۔