سورة الإسراء - آیت 19

وَمَنْ أَرَادَ الْآخِرَةَ وَسَعَىٰ لَهَا سَعْيَهَا وَهُوَ مُؤْمِنٌ فَأُولَٰئِكَ كَانَ سَعْيُهُم مَّشْكُورًا

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

اور جو شخص آخرت کا ارادہ کرے اور اس کے لئے اپنی مقدور بھر کوشش بھی کرے اور مومن [١٩] بھی ہو تو ایسے لوگوں کی کوشش کی قدر کی جائے گی۔

تفسیر ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

آیت (١٩) نے یہ حقیقت بھی واضح کردی کہ سعادت اخروی کی شرائط کیا ہیں۔ فرمایا دو شرطیں ہیں۔ اول یہ کہ سعادت اخروی کے لیے کوشش کرے۔ لیکن کیسی کوشش؟ ویسی کوشش جو اس کے لیے صحیح کوشش ہوسکتی ہے۔ یعنی جو اللہ کی وحی نے بتلا دی ہے۔ دوسری یہ کہ اللہ پر اور اس کی صداقتوں پر ایمان ہو۔ اس سے معلوم ہوا کہ آخرت کی سعادت کی کوئی سعی بغیر ان دو شرطوں کے مقبول نہیں ہوسکتی۔