سورة ھود - آیت 120

وَكُلًّا نَّقُصُّ عَلَيْكَ مِنْ أَنبَاءِ الرُّسُلِ مَا نُثَبِّتُ بِهِ فُؤَادَكَ ۚ وَجَاءَكَ فِي هَٰذِهِ الْحَقُّ وَمَوْعِظَةٌ وَذِكْرَىٰ لِلْمُؤْمِنِينَ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

اور ہم رسولوں کے حالات کی ایک ایک خبر آپ سے اس لیے بیان کرتے ہیں کہ اس کے ذریعہ [١٣٢] آپ کے دل کو مضبوط کردیں اور ان خبروں کے ذریعہ آپ تک حق بات پہنچی اور ایمان لانے والوں کے لئے نصیحت اور یاددہانی بھی ہوگئی

تفسیر ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

یہاں آیت (١٢٠) میں واضح کردیا کہ گزشتہ رسولوں کی سرگزشتیں جو مختلف مقامات میں اور مختلف اسلوبوں میں بیان کی گئی ہیں ان سے قرآن کا مقصد کیا ہے : (ا) تاکہ تیرے دل کو تسکین ہو یعنی قوم کو اعراض و سرکشی کی حالت میں دیکھ کر تیرا دل بے قرار ہے، دعوت کا ولولہ اور اصلاح کا عشق تجھے مضطرب رکھتا ہے : (لعلک باخع نفسک الا یکونوا مومنین) تو ان سرگزشتوں کا تفکر موجب تسکین ہوگا کہ تجھ سے پہلے بھی ہمیشہ ایسا ہی ہوا ہے، بلکہ اعراض و سرکشی کے اس سے بھی زیادہ سخت مظاہر ہوچکے ہیں۔ (ب) یہ سرگزشتیں حق کو واضح کردیتی ہیں، یعنی ان میں حقیقت کی دلیلیں اور روشنیاں ہیں، یہ بتلاتی ہیں کہ اس بارے میں اللہ کا ایک مقررہ قانون ہے اور اس میں کبھی تبدیلی ہونے والی نہیں۔ (ج) ان میں موعظت ہے، یعنی ایسی باتیں ہیں جو سننے والوں کو عبرت دلاتی ہیں نصیحت و پند کرتی ہیں غرور و نادانی سے بیدار کردیتی ہیں۔ (د) مومنوں کے لیے تذکیر ہے یعنی سچائی کی یاد دلاتی ہیں غفلت سے روکتی ہیں۔ اوائل حال کی ایک غفلت یہ بھی تھی کہ کمزور بے سروسامان تھے اور تمام ملک دشمنی پر تل گیا تھا۔ اس لیے کبھی کبھی مایوسی کے خیال آنے لگتے تھے۔ اب یہ چار باتیں سامنے رکھ کر قرآن کے قصص و وقائع کا مطالعہ کرو۔ وہ تمام قفل کھل جائیں گے جنہیں ہمارے منقطی مفسروں کی دس دس جلدیں بھی نہ کھول سکیں۔