وَظَلَّلْنَا عَلَيْكُمُ الْغَمَامَ وَأَنزَلْنَا عَلَيْكُمُ الْمَنَّ وَالسَّلْوَىٰ ۖ كُلُوا مِن طَيِّبَاتِ مَا رَزَقْنَاكُمْ ۖ وَمَا ظَلَمُونَا وَلَٰكِن كَانُوا أَنفُسَهُمْ يَظْلِمُونَ
اور ہم نے تم پر بادل کا سایہ کیا۔[٧٣] اور (تمہارے کھانے کو) من و سلویٰ اتارا (اور کہا) یہ پاکیزہ چیزیں کھاؤ جو ہم نے تمہیں عطا کی ہیں۔ اور (دیکھو! تمہارے اسلاف نے) ہم پر تو کوئی ظلم نہ کیا تھا بلکہ وہ اپنے آپ ہی پر ظلم کرتے رہے تھے
(ف ٢) سب سے بڑا فضل جو بنی اسرائیل پر ہوا ، وہ فکر معاش سے بےنیازی تھی ، تاکہ وہ پورے انہماک کے ساتھ دینی کاموں میں مشغول ہو سکیں ، ان پر من وسلوی کی نعمتیں نازل کی گئیں ، انہیں عام تکالیف سے بھی بچایا گیا ، جنگل کی دھوپ سے بچنے کے لئے ابر کا سایہ مہیا کیا گیا ، تاکہ انہیں کوئی شکایت باقی نہ رہے اور وہ پورے وقت ، قوت اور استعداد کے ساتھ اللہ کے مشن کو پورا کریں لیکن وہ انعامات الہیہ سے صحیح صحیح استفادہ نہ کرسکے ، شہریت کے تین اصول : بنی اسرائیل کو جب امام المفسرین حضرت ابن عباس (رض) کی روایت کے مطابق اریحاء میں داخلے کی اجازت مل گئی ، جو عمالقہ کا ایک مشہور شہر تھا تو ان پر چند قیود عائد کردی گئیں جو تمدن صحیح کی جان ہیں اور شہری زندگی کے لوازم میں ہے ، ورنہ خطرہ تھا کہ وہ شہریت وتمدن کی تعیش وفجور کا ہم معنی نہ سمجھ لیں ، وہ تین چیزیں قرآن کی الفاظ میں یہ ہیں : ۔ (ا) ۔ اللہ سے بہرحال تعلق قائم رہے ۔ اس کا آستانہ جلال ہمارے سجدہ ہائے خلوص سے ہمیشہ معمور رہے ۔ (ب) ہم اپنے گناہوں کا جائزہ لیتے رہیں ، تمدن وشہریت کو مذہب کے کناروں میں محصور رکھیں اور ہر وقت اللہ کی رحمت ومغفرت کے جویاں رہیں ۔ (ج) ۔ احسان اور جذبہ اصلاح وتکمیل پیش نظر رہے ۔ ان سہ گانہ اصولوں کو قرآن حمید نے اپنی معجزانہ زبان میں اس طرح ادا فرمایا ہے ۔ (آیت) ” وادخلوا الباب سجدا “۔ کے شہر میں عجزوانیاز مندی لئے ہوئے رہنا ، (آیت) ” وقولوا حطۃ “ اور ہر آن بخشش مانگتے رہنا ، اور جان رکھو کہ وہ لوگ جو محسن ہیں ان کے درجے ہم اور بڑھائیں گے ، ظاہر ہے یہ باتیں نہایت قیمتی نصائح کی حیثیت رکھتی تھیں ، مگر بنی اسرائیل نے تغافل سے کام لیا ، شہری فسق فجور میں مبتلا ہوگئے نتیجہ یہ ہوا کہ عذاب الہی نے آگھیرا ۔ بعض آثار میں آتا ہے کہ عذاب طاعون کی شکل میں آیا مسلم میں حدیث ہے کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا ۔ طاعون بقیہ قوموں کا عذاب ہے جس کسی جگہ آجائے تو تم بھاگو نہیں اور نہ مطعونہ شہر میں جاؤ ۔ حل لغات : ظللنا : ماضی معلوم ۔ مادہ الضل ، سایہ ۔ المن : ترنجبین (جمہور مفسرین) ایک قسم کا میٹھا گوند (قاموس) شہد ۔ کوئی میٹھی چیز ۔ ابن عباس (رض) کی رائے بالکل صاف ہے وہ کہتے ہیں ۔ من : مصدر ہے تمام ان چیزوں کو شامل ہے جو بلاتعب وکسب حاصل ہوجائیں ، بخاری ومسلم میں حدیث ہے ، ان الکماۃ من المن “۔ جس سے اس عموم کی توضیح ہوجاتی ہے ۔ سلوی : بٹیریں (جمہور مفسرین) شہد (علامہ جوہری) بٹیرایک ایسا پرندہ (ابن عطیہ) ایک طرح کا پرندہ (ابن عباسرضی اللہ تعالیٰ عنہ) صحیح چیز یہ ہے کہ یہ بھی من کی طرح عام المعنی ہے ، ہر وہ شے موزون جس کے کھانے سے تسکین وتسلی حاصل ہو (راغب) ۔ القریۃ : شہر ۔