سورة الضحى - آیت 1

َالضُّحَىٰ

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

چاشت کے وقت کی قسم

تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی

وَالضُّحَى (ف 1) اس زمانہ میں چند دنوں کے لئے نزول وحی میں توقف ہوگیا تھا تو مخالفین نے یہ مشہور کرنا شروع کردیا کہ محمد (ﷺ) سے معاذ اللہ خدا نے اب اپنی توجہ ہٹالی ہے ۔ اس پر ان آیات کا نزول ہوا اور بتایا کہ یہ بات غلط ہے ۔ جس طرح آفتاب نکلتا ہے اور پھر جب تک اپنا دور ختم نہیں کرلیتا اس وقت تک غروب نہیں ہوتا اور جس طرح رات کی تاریکی چھاجاتی ہے اور صبح تک برابر قائم رہتی ہے درمیان میں پلٹ نہیں جاتی ۔ اسی طرح دنیائے روحانیت میں نبوت کا آفتاب طلوع ہوتا ہے حق وصداقت کا خاور درخشاں نکلتا ہے ۔ تب ناممکن ہے کہ وہ وقت سے پہلے بےتوجہی کے افق میں غروب ہوجائے اور اگر تم اس کو سورج نہ قرار دے سکو تو پھر بھی یہ اگر رات اور تاریکی ہے جب بھی وقت مقررہ تک اس کا قائم رہنا ازبس ضروری ہے ۔ بہرآئینہ یہ ایک حقیقت ہے کہ حضور (ﷺ) کے ساتھ ہر دم ہر آن عنایات الٰہیہ کا ہجوم رہتا ہے اور کسی وقت بھی آپ (ﷺ) توجہات آسمانی سے محروم نہیں رہتے ۔ فرمایا کہ اگر آج کچھ تکلیف اور مصیبت کے دن ہیں تو آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ آنیوالے دن نہایت مبارک ہیں سعادت اور کامیابی کے دن ہیں ۔ مکے والے اگر آپ (ﷺ) کی قدروقیمت کو نہیں پہچانتے تو ان کی محرومی اور بدبختی ہے ۔ مدینے میں آپ (ﷺ) کے استقبال اور خیر مقدم کی تیاریاں ہورہی ہیں آپ (ﷺ) کو اللہ تعالیٰ وہاں قبولیت ، فتوحات ، غنائم اور مراتب اس قدر دیں گے کہ آپ خوش ہوجائیں گے اور موجودہ غم واندوہ بھول جائیں گے ۔ حل لغات: وَالضُّحَى۔ چاشت کا وقت سجی ۔ ڈھانپ لے ۔ چھاجائے۔