سورة المجادلة - آیت 8

أَلَمْ تَرَ إِلَى الَّذِينَ نُهُوا عَنِ النَّجْوَىٰ ثُمَّ يَعُودُونَ لِمَا نُهُوا عَنْهُ وَيَتَنَاجَوْنَ بِالْإِثْمِ وَالْعُدْوَانِ وَمَعْصِيَتِ الرَّسُولِ وَإِذَا جَاءُوكَ حَيَّوْكَ بِمَا لَمْ يُحَيِّكَ بِهِ اللَّهُ وَيَقُولُونَ فِي أَنفُسِهِمْ لَوْلَا يُعَذِّبُنَا اللَّهُ بِمَا نَقُولُ ۚ حَسْبُهُمْ جَهَنَّمُ يَصْلَوْنَهَا ۖ فَبِئْسَ الْمَصِيرُ

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

کیا آپ نے ان لوگوں [٩] کو نہیں دیکھا جنہیں سرگوشی کرنے سے روکا گیا تھا پھر وہ وہی کام کرتے ہیں جس سے انہیں روکا گیا تھا۔ یہ لوگ چھپ چھپ کر گناہ، سرکشی اور رسول کی نافرمانی سے متعلق باتیں کرتے ہیں اور جب آپ کے پاس آتے ہیں تو آپ کو ایسے طریقے سے سلام کہتے ہیں جس طرح اللہ نے آپ کو سلام نہیں کہا۔ اور اپنے دلوں میں کہتے ہیں کہ ''جو کچھ ہم کہتے ہیں اس پر اللہ ہمیں سزا کیوں نہیں دیتا'' ایسے لوگوں کو جہنم کافی ہے۔ جس میں یہ داخل ہوں گے۔ سو ان کا انجام کیسا برا ہے۔

تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی

ذلیل ترین حرکات (ف 1) منافقین نہایت ذلیل قسم کے لوگ تھے ۔ یہ ہمیشہ کوشاں رہتے کہ مسلمانوں کو تکلیف پہنچائیں اور سنانے کے لئے نئی نئی باتیں اختیار کی جائیں اور زندگی کچھ اس ڈھب کی بنائی جائے کہ خواہ مخواہ ہر طرز عمل سے اذیت ٹپکے ۔ چنانچہ یہ لوگ مواقع کی تلاش میں رہتے اور حتی المقدور دلآزاری سے نہ چوکتے۔ مسلمانوں کے ساتھ انہیں کسی مجلس میں بیٹھنے کا اتفاق ہوتا تو باہم سرگوشیاں کرتے اور کچھ اس انداز سے کھس پس کرتے کہ مسلمانوں کو اس بدتمیزی سے دکھ محسوس ہوتا ۔ وہ یہ خیال کرتے کہ ہمارے متعلق کچھ باتیں ہورہی ہیں اور ہماری مذمت میں لب ہل رہے ہیں ۔ ان کو اس عادت بد سے روکا گیا ۔ مگر یہ رکنے والے کہاں تھے ۔ اس کو تو انہوں نے عمداً اختیار کیا تھا اور اس کا مقصد ہی یہ تھا کہ جب حضور (ﷺ) کے پاس آئے تو ازراہ غائت السلام علیک کی بجائے السام علیک کہتے ، جس کے معنی یہ ہوتے ہیں کہ خدا کرے تو مرجائے ۔ اور اپنی اس حرکت پر خوش ہوتے اور کہتے اگر یہ اللہ کا رسول ہوتا تو اب تک گستاخی کی سزا ہم کو مل چکی ہوتی اور اب تک عذاب نے ہم کو آگھیرا ہوتا ۔ اور چونکہ ہم اللہ کی گرفت سے آزاد اور محفوظ ہیں اس لئے ہم حق بجانب ہیں ۔ فرمایا تم اپنی بیہودگی پر ناز نہ کرو اللہ تعالیٰ نے تمہاری ان تمام شرارتوں کے لئے سزا کا ایک دن تجویز کررکھا ہے اور وہ دن تمہارے لئے خوش آئند نہیں ہے ۔ اس دن تمہیں جہنم میں پھینکا جائے گا جو بدترین جگہ ہے اور بہت برا ٹھکانا ہے ۔ دنیا میں وہ تمہیں ڈھیل اور مہلت دیتا ہے تاکہ تم اپنے گناہوں پر احتساب کی نظر دوڑاؤاور پاکبازی کی زندگی بسر کرو ۔ وہ امکانات مہیا کرتا ہے کہ تمہاری روائتی بدبختی سعادت اور فلاح سے بدل جائے اور تم اس کے حضور مجرم نہ قرار دیئے جاؤ۔ مگر تم ہو کہ اسی مہربانی اور کرم کی وجہ سے گستاخی اور معصیت پر دلیر ہوگئے ہو اور وہ چیز جس کو تمہاری ہدایت کا سبب ہونا چاہیے تھا تمہاری گمراہی کا باعث بنی ہے ۔ یہ کیوں ؟ اس لئے اور محض اس لئے کہ تمہاری بداخلاقی انتہا تک پہنچ گئی ہے تم ان ذلیل کاموں پر فخر کرنے لگے ہو جن سے تم کو شرمانا چاہیے ۔ اور تمہارے نزدیک سب سے بڑی بات یہی ہے کہ گناہ اور سرکشی کی باتوں کو پھیلاؤ اور پیغمبر کی دشمنی میں دیوانے ہوجاؤ۔ عقل وہوش اور اخلاق ودین کو یک قلم فراموش کرو ۔ تم ہی کہو کہ جب اخلاقی حس اس درجہ مردہ ہوجائے اس وقت اصلاح کی کیا امید باقی رکھی جاسکتی ہے ۔ حل لغات : نجْوَى۔ اصل میں نجوۃ سے اشتقاق ہے ۔ جس کے معنی بلند اور اونچی زمین کے ہیں ۔ سرگوشی کرنے والے چونکہ اپنے آپ کو ایسی بلندی پر سمجھتے ہیں کہ دوسرے کی وہاں تک رسائی نہیں ہوسکتی اس لئے اس حرکت کو نجویٰ کے لفظ کے ساتھ تعبیر کیا جاتا ہے۔ مَعْصِيَتِ الرَّسُولِ۔ پیغمبر کی نافرمانی ۔ حَيَّوْكَ۔ تحیۃ سے ہے ۔ بمعنی سلام دعا ۔