إِنَّمَا الْمُؤْمِنُونَ إِخْوَةٌ فَأَصْلِحُوا بَيْنَ أَخَوَيْكُمْ ۚ وَاتَّقُوا اللَّهَ لَعَلَّكُمْ تُرْحَمُونَ
مومن تو سب آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ لہٰذا اپنے بھائیوں کے درمیان صلح [١٣] کرا دیا کرو۔ اور اللہ سے ڈرتے رہو تاکہ تم پر رحم کیا جائے۔
اسلامی اخوت (ف 1) اسلام ایک ایسا مستحکم اور مضبوط رشتہ ہے جو کبھی نہیں ٹوٹتا اور جس پر رنگ وبو کا اختلاف قطعاً اثر انداز نہیں ہوتا ۔ مسلمان نام ہے ایک ایسی ہیئت اجتماعیہ کا جوساری کائنات میں موجود ہے اور جغرافیائی حدود اس میں داخل انداز نہیں ہوتیں ۔ مومن تعبیر ہے وحدت واخوت سے یک جہتی اور یکسانی سے اس طائفہ نیک نہاد کی عادات میں ، تہذیب میں اور خیالات وافکار میں نہایت نمایاں اتحاد ہوتا ہے ۔ یہ لوگ دنیا میں اس لئے آئے ہیں کہ تمام نوع کے نسلی اور قومی امتیازات مٹادیں اور تمام تفریقات کو ختم کردیں جو مصنوعی ہیں اور اتحاد انسانی کے دشمنوں نے وضع کررکھی ہیں ۔ اور ساری انسانیت کو ایک برادری اور ایک کنبہ بنادیں ۔ اسی لئے ارشاد فرمایا کہ جو لوگ ایمان کی نعمت سے بہرہ مند ہیں وہ سب بھائی بھائی ہیں ۔ ان میں اگر بتقاضائے بشریت کوئی اختلاف پیدا ہو تو فوراً مٹادو ۔ اور اللہ سے ڈرو کیونکہ اسی نظم والیام میں تمہارے لئے رحمت وبخشش ہے ۔