سورة الشورى - آیت 11

فَاطِرُ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ ۚ جَعَلَ لَكُم مِّنْ أَنفُسِكُمْ أَزْوَاجًا وَمِنَ الْأَنْعَامِ أَزْوَاجًا ۖ يَذْرَؤُكُمْ فِيهِ ۚ لَيْسَ كَمِثْلِهِ شَيْءٌ ۖ وَهُوَ السَّمِيعُ الْبَصِيرُ

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

جو آسمانوں اور زمین کو پیدا [١١] کرنے والا ہے۔ جس نے تمہارے لئے تمہاری اپنی جنس سے بھی جوڑے بنا دیئے اور چوپایوں کے بھی (اس طرح) وہ تمہیں زمین میں پھیلا دیتا ہے۔ کوئی چیز اس کے مشابہ [١٢] نہیں اور وہ سب کچھ سننے والا اور دیکھنے والا ہے۔

تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی

وہ بےنظیر ہے (ف 3) صفات الٰہی کا تذکرہ ہے کہ وہ خدا جو حکم ہے آسمانوں اور زمین کو پیدا کرنے والا بھی ہے اس کو وسائل وذرائع کی قطعاً احتیاج نہیں ۔ اس نے بالکل کتم عام سے کائنات کو پیدا کیا اور وجود سے نوازا ۔ پھر اس نے انسانوں اور حیوانوں کو جوڑا جوڑا پیدا کیا تاکہ اس طرح ان کی نسل میں افزائش ہو ۔ اور وہ بےمثل اور بےنظیر ہے ۔ دنیا کی کوئی چیز بھی ذات میں اور صفات میں اس کا مقابلہ نہیں کرسکتی ۔ وہ سارے عالم مکان کو پیدا کرنے والا ہے اور ساری کائنات سے جدا ہے ۔ وہ لوگوں کو سنتا ہے اور حالات وکوائف کو جانتا ہے آسمانوں اور زمین کی بادشاہت اس کے ہاتھ میں ہے ۔ جس کو چاہے زیادہ روزی سے بہرہ مند کرے اور جس کو چاہے کم ۔ وہ ہر مصلحت سے آگاہ ہے ۔ اور ہر بات کو کامل طور پر جانتا ہے ۔ ﴿جَعَلَ لَكُمْ مِنْ أَنْفُسِكُمْ أَزْوَاجًا﴾سے اس طرف اشارہ کرنا مقصود ہے کہ تم لوگ اپنی بیویوں کے ساتھ بہت زیادہ حسن سلوک روا رکھو کیونکہ وہ تم میں سے ہیں اور ان کے ساتھ آبرومندانہ تعلقات استوار کرو ﴿لَيْسَ كَمِثْلِهِ شَيْءٌ میں بظاہر یہ اشکال ہے کہ نفی تو اس بات کی کی گئی ہے کہ اللہ کی مانند کوئی چیز نہیں ہے نہ اس بات کی کہ اللہ کی مثل کا ہونا ہی ناممکن ہے ۔ اس لئے یہ بالکل خلاف مدعا ہے جواب یہ ہے کہ عرب جب کہتے تھے کہ ’’مثلی لایفعل کذا ‘‘ کہ میری طرح کا آدمی یوں نہیں کرسکتا اور اس کے معنی ایسے ہوتے تھے کہ میں ایسانہیں کرسکتا ۔ یہ محاورہ ہے ۔ اس طرح اس کے معنی بھی یہی ہونگے کہ اللہ کی ذات کے مانند کوئی چیز نہیں کیونکہ مثل سے مراد ذات ہے شئی مماثل نہیں ۔