قُلْ أَفَغَيْرَ اللَّهِ تَأْمُرُونِّي أَعْبُدُ أَيُّهَا الْجَاهِلُونَ
آپ ان سے کہئے : نادانو! کیا تم مجھے یہ مشورہ دیتے ہو کہ میں اللہ کے سوا کسی دوسرے کی عبادت [٨١] کروں؟
میں کیوں بت پرستی کروں ؟ (ف 1) جب یہ بات ثابت اور متحقق ہے کہ آسمانوں اور زمین کے اختیارات محض اللہ کے ہاتھ میں ہیں ۔ اور وہی ہماری کائنات کا رب ہے ۔ تو پھر تم کیوں کہتے ہو کہ میں اس کو چھوڑ کر تمہارے بتوں کی پوجا کروں ۔ کیا یہ جہالت نہیں ؟ اور اس کے مقام عظمت ورفعت سے ناواقفیت کی دلیل نہیں ؟ تم مجھ سے کیوں توقع رکھتے ہو کہ میں توحید کو چھوڑ کر شرک اور بت پرستی کو قبول کرلوں گا ۔ اور تمہارے بتوں سے اسی طرح جاہلانہ عقیدت رکھوں گا جس طرح تم رکھتے ہو ۔ بات یہ ہے کہ جس طرح حضور ان لوگوں کو ایک خدا کے سامنے جھکنے کی دعوت دیتے اسی طرح یہ بھی کہتے کہ باپ دادا کی روایات کو نہ چھووڑ اور انہیں عقائد پرجمے رہو ۔ اس پر اس نوع کی آیات کا نزول ہواکہ میری جانب سے تمہیں قطعی مایوس ہوجانا چاہیے ۔ یہ ناممکن ہے کہ میں ایک غیر معقول عقیدہ کو قبول کرلوں ۔ اور خدائے واحد کو چھوڑدوں۔ مجھے تو یہ بتایا گیا ہے کہ شرک تمام اعمال حسنہ کو ضائع کردیتا ہے ۔ اور اس سے بجز خسارے اور نقصان کے اور کچھ حاصل نہیں ہوتا ۔ میں مجبور ہوں کہ صرف اسی کی عبادت کروں ۔ اور اپنے کو اس کا شکر گزار بندہ ثابت کروں ۔ کیونکہ شرک صرف گناہ اور معصیت ہی نہیں ۔ جناب باری میں حددرجہ گستاخی کا اظہار کرتا بھی ہے ۔ اور خود ان تمام صلاحیتوں سے محروم ہوتا ہے ۔ جو انسانی مجدو شرافت کا لازمی نتیجہ ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ اس کی وجہ سے تمام اعمال مسموم اور زہر آلود ہوجاتے ہیں ۔ اور اللہ کے حضور میں ان کی کوئی قیمت باقی نہیں رہتی ۔ حل لغات : مَقَالِيدُ ۔ جمع مقلید ۔ بمعنی کنجیاں اور چابیاں ۔