فَلَمَّا قَضَيْنَا عَلَيْهِ الْمَوْتَ مَا دَلَّهُمْ عَلَىٰ مَوْتِهِ إِلَّا دَابَّةُ الْأَرْضِ تَأْكُلُ مِنسَأَتَهُ ۖ فَلَمَّا خَرَّ تَبَيَّنَتِ الْجِنُّ أَن لَّوْ كَانُوا يَعْلَمُونَ الْغَيْبَ مَا لَبِثُوا فِي الْعَذَابِ الْمُهِينِ
پھر جب ہم نے سلیمان پر موت کا فیصلہ کردیا تو جنوں کو گھن کے کیڑے کے سوا کسی چیز نے سلیمان کی موت کا پتہ نہ دیا' جو ان کے عصا کو کھائے جارہا تھا۔ پھر جب وہ گر پڑا تو جنوں [٢٣] پر واضح ہوگیا کہ اگر وہ غیب جانتے ہوتے تو ایسے ذلت کے عذاب میں نہ پڑے رہتے۔
(ف 2)حضرت سلیمان کو فن تعمیر کے ساتھ خاص شغف تھا ۔ انہوں نے اپنے زمانے میں کئی محلات اور شاندار معاہد بنوائے ۔ اور عمر کے آخری حصے میں ارادہ تھا کہ اللہ کے لئے بہت بڑا ہیکل تعمیر کیا جائے ۔ جیسا کہ بائبل میں مذکور ہے اس کا آغاز ہوگیا تھا اور مدد لگ رہی تھی کہ آپ کا انتقال ہوگیا ۔ اور وہ ہیکل اختتام تک نہ پہنچ سکا ۔ اس وقت کی سیاسی حالت یہ تھی کہ تمام فلسفی حضرت سلیمان کے مخالف تھے ۔ اور مسلم جنات بھی جو مزدوروں اور صناعوں کی حیثیت سے کام کررہے تھے محض ان کی روحانی قوتوں کی وجہ سے مجبور تھے ۔ وہ دل سے ان کے ساتھ نہیں تھے آپ کی وفات کے بعدوزراء نے یہ مناسب سمجھا کہ آپ کی لاش کو شیش محل میں اس طرح استادہ کیا جائے کہ ان پر موت کا شبہ نہ ہو ۔ اور اس طرح اس کی موت کی خبر کو سیاسی مصالح کی بنا پر پوشیدہ رکھا جائے ۔ چنانچہ اس تدبیر پر عمل کیا گیا اور مدت تک مخالفین اور جنات یہ نہیں جان پائے تھے کہ حضرت سلیمان کا انتقال ہوچکا ہے ۔ کیونکہ وہ روز شیش محل میں وقت مقررہ پر ان کو عصا کے سہارے ٹیک لگائے کھڑا دیکھتے تھے ۔ پھر جب اتفاق سے زیادہ عرصہ گزر جانے کے بعد دیمک نے عصا کو کھوکھلا کردیا ۔ تو حضرت سلیمان کی لاش زمین پر آرہی ۔ تب راز فاش ہوگیا مگر اس وقت ہیکل کی تعمیر ہوچکی تھی ۔ اور سیاسی ریشہ دوانیوں پر قابو حاصل کرلیا گیا تھا ۔ بائبل میں لکھا ہے کہ یہ عمارت تیرہ سال تک زیر تعمیر رہی ۔