سورة الروم - آیت 39

وَمَا آتَيْتُم مِّن رِّبًا لِّيَرْبُوَ فِي أَمْوَالِ النَّاسِ فَلَا يَرْبُو عِندَ اللَّهِ ۖ وَمَا آتَيْتُم مِّن زَكَاةٍ تُرِيدُونَ وَجْهَ اللَّهِ فَأُولَٰئِكَ هُمُ الْمُضْعِفُونَ

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

اور جو کچھ تم بطور سود دیتے ہو کہ لوگوں کے اموال سے تمہارا مال بڑھتا رہے تو ایسا مال اللہ کے ہاں نہیں بڑھتا [٤٤]، اور جو کچھ تم اللہ کی رضا چاہتے ہوئے بطور زکوٰۃ دیتے ہو۔ تو ایسے ہی لوگ اپنے مال کو دگنا چوگنا کر رہے [٤٥] ہیں۔

تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی

سود خواروں کی دولت (ف 2)سود خوار لوگ قوم کے لئے اس لئے باعث لعنت ہوتے ہیں کہ ان کی دولت اور ثروت ملی ضروریات میں صرف نہیں ہوتی ، وہ دن رات مال جمع کرنے کی فکر میں غلطان وپیچان رہتے ہیں اور سوچتے ہیں کہ یہ رقم جو ہم خیرات اور صدقات کے نام سے دینگے بالکل ضائع جائیگی ۔ کیوں نہ یہ رقم سود میں لگادی جائے تاکہ مزید نفع ہو ۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں ۔ بدبختو ! تم اس حقیقت کو سمجھتے کہ چاندی اور سونے کے ان ڈھیروں سے کیا فائدہ ، جو سفر آخرت میں تمہارے کام نہ آسکیں ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ تمہاری دولت جس طرح دنیا کے کاموں کو سنوارتی ہے اسی طرح عقبی کے کام بھی سنوارے ۔ اور تمہارے لئے موجب خیروبرکت ہو ۔ اور وہ اسی صورت میں ممکن ہے کہ تم اپنے مال ودولت کے ذخیروں سے قوم کے غریبوں اور مسکینوں کو فائدہ پہنچاؤ۔ درحقیقت دولت کا یہی حصہ جو تم خدا کی راہ میں خرچ کرتے ہو محفوظ رہتا ہے اور بڑھتا ہے ۔ یہی تمہارے لئے ثواب واجر کا باعث ہے ۔ اور وہ جو بنکوں میں جمع ہے ۔ اور جس سے تمہیں بہت آمدنی ہوتی ہے محض ضائع جاتا ہے ۔ تمہارے مرجانے کے بعد تمہیں اس سارے ذخیرہ سیم وزر میں سے ذرہ برابر نفع نہیں پہنچے گا ۔ بلکہ اور موجب عذاب ہوگا ۔ حل لغات : وَجْهَ اللَّهِ ۔ اللہ کی رضا ۔