سورة النور - آیت 21

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا تَتَّبِعُوا خُطُوَاتِ الشَّيْطَانِ ۚ وَمَن يَتَّبِعْ خُطُوَاتِ الشَّيْطَانِ فَإِنَّهُ يَأْمُرُ بِالْفَحْشَاءِ وَالْمُنكَرِ ۚ وَلَوْلَا فَضْلُ اللَّهِ عَلَيْكُمْ وَرَحْمَتُهُ مَا زَكَىٰ مِنكُم مِّنْ أَحَدٍ أَبَدًا وَلَٰكِنَّ اللَّهَ يُزَكِّي مَن يَشَاءُ ۗ وَاللَّهُ سَمِيعٌ عَلِيمٌ

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

اے ایمان والو! شیطان کے نقش قدم پر نہ چلو۔ اور جو شخص شیطان کے قدموں پر چلے گا تو وہ تو بے حیائی [٢٤] اور برے کاموں کا ہی حکم دے گا۔ اور اگر تم پر اللہ کا فضل اور اس کی رحمت شامل حال نہ ہوتی تو تم میں سے کوئی بھی پاک صاف [٢٥] نہ رہ سکتا تھا۔ مگر اللہ جسے چاہے پاک سیرت [٢٦] بنا دیتا ہے اور اللہ سب کچھ سننے والا اور جاننے والا ہے۔

تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی

(ف1) اس آیت میں یہ بتایا ہے کہ مسلمان مرد یا مسلمان عورت کو متہم کرنا شیطان کی پیروی کے مترادف ہے ، اس لئے اس گناہ عظیم سے قطعی احتراز کرو ، اور یاد رکھو کہ یہ اللہ کا خاص فضل ہے کہ اس نے تمہارے اس بہت بڑی معصیت کے کام کو توبہ کے بعد بخش دیا ہے ورنہ یہ گناہ ایسا ہے کہ تم میں سے کوئی شخص بھی اس سے توبہ کرکے عنداللہ تطہیر حاصل نہ کرسکتا ۔