سورة الحج - آیت 74

مَا قَدَرُوا اللَّهَ حَقَّ قَدْرِهِ ۗ إِنَّ اللَّهَ لَقَوِيٌّ عَزِيزٌ

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

ان لوگوں نے اللہ کی قدر پہچانی [١٠٣] ہی نہیں جیسا کہ پہچاننا چاہئے تھی۔ اللہ تعالیٰ تو بڑا طاقتور اور ہر چیز پر غالب ہے۔

تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی

(ف2) وہ خدا جو ادراک وفہم کی حدود سے بالا ہے جسے نظر نہیں پاسکتی ، اور جو زمان ومکان سے منزہ وپاک ہے جو سب کا خالق اور پیدا کرنے والا ہے ، جس نے اعلی وادنی اور دوست ودشمن سب پر عنایات کی بارش فرمائی ہے ، اس کا کیونکر شریک اور ساجھی ہو سکتا ہے ، جو سب پر غالب ہے ، جس کی حکومت کے دائرے سے کوئی چیز خارج نہیں ، جو قاہر ، مختار ہے اور قوی وعزیز ہے ، اس کے متعلق خیال بھی نہیں کیا جا سکتا ، کہ خود اسی کی ادنی مخلوق اس کی ہمسر ہو سکے ۔ حقیقت یہ ہے کہ لوگوں نے اللہ کی عظمت وجلال کا صحیح صحیح اندازہ ہی نہیں کیا ، اور کما حقہ اس کو نہیں پہچانا ۔