سورة الإسراء - آیت 100

قُل لَّوْ أَنتُمْ تَمْلِكُونَ خَزَائِنَ رَحْمَةِ رَبِّي إِذًا لَّأَمْسَكْتُمْ خَشْيَةَ الْإِنفَاقِ ۚ وَكَانَ الْإِنسَانُ قَتُورًا

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

آپ ان سے کہئے کہ : ''اگر میرے پروردگار کی رحمت کے خزانوں کے مالک تم ہوتے تو ان کے خرچ ہوجانے کے اندیشہ سے سب کچھ اپنے پاس ہی رہنے [١١٨] دیتے۔ واقعی انسان بہت تنگ دل ہے۔

تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی

(ف2) اس آیت میں اس حقیقت کو واضح فرمایا ہے کہ دراصل اس قسم کے شبہات تمہارے دل میں اس لئے پیدا ہوتے ہیں کہ تمہیں ان مسائل کے سمجھنے میں الجھن ہوتی ہے یا یہ مسائل ناقابل فہم ہیں ، بلکہ یہ انکار وتمرد محض اس لئے ہے کہ تم حضور (ﷺ) کی نبوت کو فراخدلی کے ساتھ برداشت نہیں کرسکے ، تمہارے دلوں میں بخل ہے اور تم نہیں چاہتے کہ محمد (ﷺ) یوں ان معارف کو ہرکس و ناکس کے سامنے پیش کریں اس میں تم اپنی توہین سمجھتے ہو نبوت کے خزانے اگر تمہیں ملتے تو تم اسے دریا دلی سے ہرگز خرچ نہ کرتے تمہیں رنج ہے ، تو یہ ہے کہ ہدایت عام ہوئی جاتی ہے ، اور تم بڑے بڑے لوگوں کے لئے کوئی وجہ تخصیص نہی رہی ۔ بات یہ ہے کہ انسان فطرتا بخل پسند ہے ، کشادہ دلی کے ساتھ دوسروں کی خوبیاں تسلیم نہیں کرتا ، اور ایک شخص کے فضائل ومحاسن کا محض اس لئے انکار کردیتا ہے ، کہ وہ خود کیوں ان سے متصف نہیں ۔ حل لغات : قَتُورًا: بخیل ، تنگ دل ، قتر سے بنا ہے جس کے معنی تنگی اور ضیق کے ہیں ۔