سورة الرعد - آیت 29
الَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ طُوبَىٰ لَهُمْ وَحُسْنُ مَآبٍ
ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب
جو لوگ ایمان لائے اور انہوں نے نیک عمل کیئے ان کے لئے خوشحالی [٣٨] بھی ہے اور عمدہ ٹھکانا بھی
تفسیر سراج البیان - مولانا حنیف ندوی
(ف ١) دنیا داروں کے لئے اس میں نہایت عارفانہ درس حکمت ہے ارشاد ہے کہ دل کا اطمینان اور سکون خاطر روپے اور سونے پرموقوف نہیں ، دنیا کی آسائشوں اور تکلفات میں نہیں بلکہ اللہ کے ذکر میں ہے ، اس کے ساتھ محبت وشوق میں ہے خدا پرست انسان جس درجہ روحانی لطف حاصل کرتا ہے دنیا دار باوجود تعیش کی فراوانی کے اس نعمت سے محروم رہتا ہے ، اس لئے مبارک ہیں وہ لوگ جو دل کی مسرتوں کو اللہ کی یاد میں تلاش کرتے ہیں ۔ حل لغات : طوبی : اظہار مسرت وفرحت کے لئے آتا ہے ، یعنی خوشی وخوش طبعی مؤنث طیب کا ہے ، اور طیب کے معنے بوئے خوش اور خوش طبعی کے ہیں متاب ، جائے رجوع ۔