سورة الرعد - آیت 2

اللَّهُ الَّذِي رَفَعَ السَّمَاوَاتِ بِغَيْرِ عَمَدٍ تَرَوْنَهَا ۖ ثُمَّ اسْتَوَىٰ عَلَى الْعَرْشِ ۖ وَسَخَّرَ الشَّمْسَ وَالْقَمَرَ ۖ كُلٌّ يَجْرِي لِأَجَلٍ مُّسَمًّى ۚ يُدَبِّرُ الْأَمْرَ يُفَصِّلُ الْآيَاتِ لَعَلَّكُم بِلِقَاءِ رَبِّكُمْ تُوقِنُونَ

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

اللہ وہ ہے جس نے آسمانوں کو ایسے سہاروں کے بغیر بلند کیا جو تمہیں نظر آتے ہوں [٢] پھر اس نے عرش [٣] پر قرار پکڑا اور سورج اور چاند کو (ایک خاص قانون کا) پابند بنایا (اس نظام کی) ہر چیز ایک مقررہ مدت [٤] تک کے لئے چل رہی ہے۔ وہی اس کائنات کے نظام کی تدبیر [٥] کرتا ہے اور اپنی نشانیاں تفصیل سے بیان کرتا ہے تاکہ تم لوگ اپنے پروردگار سے ملاقات [٦] کا یقین کرو

تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی

(ف1) استواء کا مسئلہ مدتوں اسلامی فرقوں میں نزاع کا باعث رہا ہے ، اہل سنت کا مسئلہ اس باب میں بالکل واضح ہے کہ ہم اس حقیقت کو تسلیم کرتے ہیں مگر اس کی تفصیلات سے پوری طرح آگاہ نہیں یعنی ہم مانتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے استواء فرمایا ، مگر کیونکر ؟ اس کا جواب اس کے سوا اور کیا ہوسکتا ہے کہ اپنی عقل کی کمی کا اعتراف کرلیں اجمالا یوں سمجھ لیجئے ، کہ یہ ایک نوع کی تجلی تدبیر تھی یہی وجہ ہے اس کو عین تجلیات تکوین کے درمیان رکھا ہے ۔ اور ﴿يُدَبِّرُ الْأَمْرَ﴾کی تصریح بھی فرما دی ہے ۔ علوم پڑھو ! (ف2) قرآن حکیم کی یہ خصوصیت ہے کہ وہ دلائل میں قانون قدرت کی ہمہ گیری ووسعت کو پیش کرتا ہے ، وہ کہتا ہے اگر تم زمین وآسمان میں پھیلے ہوئے قانونوں کو تلاش کرو ، تو اسلام کی حقیقت کو پالو گے ، آسمانوں کو دیکھو کس حیرت انگیز وسعت کے ساتھ پیدا کئے ہیں ستاروں اور آسمانوں کے لئے بظاہر کوئی عماد وستون نہیں مگر وہ مکمل طور پر فضاء میں سایہ فگن ہیں ، چاند ، سورج مسخر ہیں ، انسان کے فائدے کے لئے بنائے گئے ہیں ، ہر ایک کے لئے طلوع وغروب کا وقت مقرر ہے ، جس میں کبھی خلاف نہیں ہوتا ۔ دنیا کے ہر ذرے میں اللہ کی تدبیر وحکمت کار فرما ہے ، کہا یہ سب چیزیں آخرت پر دلالت نہیں کرتیں ؟ اور ان سے یہ نہیں معلوم ہوتا کہ کارگاہ حیات کی وسعتیں مقصد سے خالی نہیں ہو سکتیں ۔ ﴿اسْتَوَى ﴾کے معنی اللہ کی شان تدبیری کو بیان کرنا ہے ، اللہ تعالیٰ کے متعلق جو الفاظ استعمال ہوئے ہیں ان کی تین قسمیں ہیں ۔ 1۔ صفات توحید وتجرید جن سے اس کی تنزیہہ ہوتی ہے ۔ 2۔ مجازات جو بطور مجازوتجور کے استعمال ہوتی ہیں اور مقصود بالذات نہیں ہوتے ۔ 3۔ شؤن وحالات ، یعنی وہ الفاظ جو اللہ تعالیٰ کے حالات وشؤن سے تعرض کریں ، اور کسی مستقل وصف کو نہ بیان کریں ، استوی اسی قبیل سے ہے تفصیل کے لئے دیکھو ابتدائی حواشی ۔ حل لغات : عَمَدٍ: ستون ۔