سورة نوح - آیت 1

إِنَّا أَرْسَلْنَا نُوحًا إِلَىٰ قَوْمِهِ أَنْ أَنذِرْ قَوْمَكَ مِن قَبْلِ أَن يَأْتِيَهُمْ عَذَابٌ أَلِيمٌ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

ہم نے نوح کو اس کی قوم [١] کی طرف (رسول بنا کر) بھیجا کہ اپنی قوم کو (برے انجام سے) ڈراؤ۔ پیشتر اس کے کہ ان پر ایک دردناک عذاب آئے

تفسیر ثنائی - ثنا اللہ امرتسری

تمہیں معلوم ہے کہ دنیا میں حضرت نوح بھی ایک نبی گزرے ہیں ہم (اللہ) نے نوح کو اس کی قوم کفار کی طرف اس پیغام کے ساتھ بھیجا تھا کہ اپنی قوم کو اس سے پہلے ڈرا دے کہ دردناک عذاب ان پر آجائے ان لوگوں کی بداعمالی کی وجہ سے جو ان پر دردناک عذاب آنے والا ہے اس کے آنے سے پہلے پہلے ان کو سمجھا دے تاکہ جو لوگ اس عذاب سے ڈر کر بداعمالی چھوڑ دیں وہ بچ جائیں اور جو نہ مانیں وہ اپنے کئے کا پھل پائیں