سورة الحج - آیت 1

يَا أَيُّهَا النَّاسُ اتَّقُوا رَبَّكُمْ ۚ إِنَّ زَلْزَلَةَ السَّاعَةِ شَيْءٌ عَظِيمٌ

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

لوگو! اپنے پروردگار سے ڈرتے رہو بلاشبہ قیامت کا زلزلہ بڑی (ہولناک) چیز ہے۔

تفسیر ثنائی - ثنا اللہ امرتسری

لوگو ! سنو ! ایک کام تم کو ایسا بتلاتے ہیں جس پر کاربند ہونے سے تم فلاح دارین پاجائو وہ یہ ہے کہ تم اپنے پروردگار سے ڈرتے رہو ایسے ڈرو کہ ہر وقت تمہاری رفتار و گفتار سے یہی معلوم ہوا کرے کہ تم اس مالک الملک کی رضاجوئی میں ہو کوئی کام حوصلہ سے ایسا نہ کر گذرو جس سے وہ ناراض ہو کیونکہ اس کی ناراضگی کا اثر گو تم اس دنیا میں محسوس کرنے سے انکاری ہو لیکن ایک وقت یعنی قیامت کی گھڑی آنے والی ہے جس میں تم انکاری نہ ہوسکو گے کچھ شک نہیں کہ اس گھڑی کی ہلچل ایک عظیم الشان چیز ہے