سورة الانعام - آیت 88

ذَٰلِكَ هُدَى اللَّهِ يَهْدِي بِهِ مَن يَشَاءُ مِنْ عِبَادِهِ ۚ وَلَوْ أَشْرَكُوا لَحَبِطَ عَنْهُم مَّا كَانُوا يَعْمَلُونَ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

یہ ہے اللہ کی ہدایت، اپنے بندوں میں سے جسے وہ چاہتا ہے اس ہدایت پر چلاتا ہے اور اگر وہ لوگ (مذکورہ انبیائ) بھی شرک کرتے تو ان کا سب کیا کرایا برباد ہوجاتا

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿ذَٰلِكَ﴾ ” یہ“ یعنی یہ ہدایت مذکورہ ﴿هُدَى اللَّـهِ﴾ ” اللہ کی ہدایت ہے“ جس کی ہدایت کے سوا کوئی ہدایت نہیں ﴿يَهْدِي بِهِ مَن يَشَاءُ مِنْ عِبَادِهِ﴾” وہ ہدایت دیتا ہے اس کی جس کو چاہتا ہے اپنے بندوں میں سے“ پس اسی سے ہدایت طلب کرو، اگر وہ راہنمائی نہ کرے تو اس کے سوا تمہیں راہ دکھانے والا کوئی نہیں اور جن کی ہدایت اللہ تعالیٰ کی مشیت میں ہے، ان میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جن کا ذکر گزشتہ سطور میں گزر چکا ہے۔ ﴿وَلَوْ أَشْرَكُوا ﴾” اگر یہ لوگ شرک کرتے“ یعنی بفرض محال ﴿ لَحَبِطَ عَنْهُم مَّا كَانُوا يَعْمَلُونَ﴾ ” تو ان کے عمل برباد ہوجاتے“ کیونکہ شرک تمام اعمال کو ساقط اور اکارت کردیتا ہے اور جہنم میں خلود اور دوام کا موجب بنتا ہے۔ اگر یہ چنے ہوئے بہترین لوگ بھی شرک کرتے حالانکہ وہ اس سے پاک ہیں، تو ان کے اعمال بھی اکارت ہوجاتے دیگر لوگ تو اس جزا کے زیادہ مستحق ہیں۔