وَإِذَا رَأَيْتَ ثَمَّ رَأَيْتَ نَعِيمًا وَمُلْكًا كَبِيرًا
اور جدھر بھی تم دیکھو تو نعمتیں ہی نعمتیں اور ایک بہت بڑی سلطنت [٢٣] دیکھو گے۔
﴿وَاِذَا رَاَیْتَ ثَمَّ ﴾ یعنی جب تو جنت میں دیکھے کہ اہل جنت کن کامل نعمتوں میں ہیں﴿ رَاَیْتَ نَعِیْمًا وَّمُلْکًا کَبِیْرًا﴾ ”تو نعمتیں ہی نعمتیں اور بہت بڑی سلطنت دیکھے گا۔“ تو ان میں سے ایک کو اس طرح پائے گا کہ اس کے پاس ایسی آرام گاہیں ہوں گی، سجائے اور مزین کیے ہوئے ایسے بالاخانے ہوں گے جن کا وصف بیان کرنا ممکن نہیں ۔اس کے پاس خوبصورت باغات ہوں گے، ایسے پھل ہوں گے جو اس کی پہنچ میں ہوں گے ،لذیذ میوہ جات ہوں گے ،بہتی ہوئی ندیاں اور خوش کن باغیچے ہوں گے۔ سحرانگیز چہچہانے والے پرندے ہوں گے جو دلوں کو متاثر اور نفوس کو خوش کریں گے ۔ اس کے پاس بیویاں ہوں گی جو انتہائی خوبصورت اور خوب سیرت ہوں گی جو ظاہری اور باطنی جمال کی جامع ہوں گی جو نیک اور حسین ہوں گی ،ان کا حسن قلب کو سرور، لذت اور خوشی سے لبریز کردے گا۔ اس کے اردگرد ہمیشہ رہنے والے خدمت گار لڑکے اور دائمی خدام گھوم رہے ہوں گے جس سے راحت اور اطمینان حاصل ہوگا ،لذت عیش کا اتمام اور مسرت کی تکمیل ہوگی۔ پھر اس کے علاوہ اور اس سے بڑھ کر رب رحیم کی رضا، اس کے خطاب کا سماع، اس کے قرب کی لذت ،اسکی رضا کی خوشی اور دائمی زندگی حاصل ہوگی جن نعمتوں میں وہ رہ رہے ہوں گے وہ ہر وقت اور ہر آن بڑھتی ہی رہیں گی۔ پس پاک ہے اللہ تعالیٰ ، اقتدار اور واضح حق کا مالک جس کے خزانے کبھی ختم ہوتے ہیں نہ اس کی بھلائی کم پڑتی ہے جیسے اس کے اوصاف کی کوئی انتہا نہیں ہے اسی طرح اس کی نیکی اور احسان کی کوئی حد نہیں ہے۔