سورة النجم - آیت 62
فَاسْجُدُوا لِلَّهِ وَاعْبُدُوا ۩
ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب
پس اللہ کے آگے سجدہ [٤٣] کرو اور اسی کی بندگی بجا لاؤ۔
تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی
﴿فَاسْجُدُوْا لِلّٰہِ وَاعْبُدُوْا﴾’’اب تم اللہ کے حضور سجدہ کرو اور اسی کی عبادت کرو۔‘‘ اللہ تعالیٰ کے لیے خاص طور پر سجدے کا حکم دینا اس کی فضیلت پر دلالت کرتا ہے نیز یہ کہ سجدہ عبادت کا سرنہاں اور اس کالب لباب ہے اس کی روح خشوع وخضوع ہے۔ حالت سجدہ بندے کا وہ عظیم ترین حال ہے جس میں بندے پر خضوع طاری ہوتا ہے، بندے کا قلب وبدن دونوں خضوع کی حالت میں ہوتے ہیں، بندہ اللہ تعالیٰ کے سامنے اپنا بلند ترین عضو اس حقیر زمین پر رکھ دیتا ہے جو قدموں کے روندنے کا مقام ہے۔ پھر اللہ تعالیٰ نے عمومی طور پر عبادت کا حکم دیا جو ان تمام اعمال اور اقوال ظاہرہ وباطنہ کو شامل ہے جن کو اللہ تعالیٰ پسند کرتا ہے اور ان سے راضی ہوتا ہے۔