سورة الطور - آیت 21

وَالَّذِينَ آمَنُوا وَاتَّبَعَتْهُمْ ذُرِّيَّتُهُم بِإِيمَانٍ أَلْحَقْنَا بِهِمْ ذُرِّيَّتَهُمْ وَمَا أَلَتْنَاهُم مِّنْ عَمَلِهِم مِّن شَيْءٍ ۚ كُلُّ امْرِئٍ بِمَا كَسَبَ رَهِينٌ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

اور جو لوگ ایمان لائے اور ان کی اولاد نے ایمان لانے میں ان کی پیروی کی تو ہم ان کی اولاد کو بھی ان کے ساتھ ملا دیں گے اور ان کے اپنے عملوں سے کچھ بھی کم [١٥] نہ کریں گے ہر شخص اپنے ہی عملوں کے عوض گروی [١٦] ہے۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

یہ اہل جنت کی نعمتوں کی تکمیل ہے کہ اللہ تعالیٰ، اہل جنت کے ساتھ ان کی اس اولاد کو بھی لے جائے گا جنہوں نے ایمان لانے میں ان کی پیروی کی، یعنی وہ اس ایمان کی بنا پر ان کے ساتھ جاملیں گے جو ان کے آبا اجداد سے صادر ہو اور اولاد نے بھی ایمان کے ساتھ ان کی اتباع کی، اگر اولاد نے اپنے ایمان کے ساتھ جو خود ان سے صادر ہوا، اپنے آباؤ اجداد کی اتباع کی تو ان کے اپنے آبا کے ساتھ لاحق ہونا زیادہ اولیٰ ہے۔ ان مذکورہ بالا لوگوں کو اللہ تعالیٰ جنت میں ان کے آبا و اجداد کے ساتھ ان کے مقامات میں ملائے گا اگرچہ وہ ان مقامات پر نہ جاسکیں گے۔ یہ الحاق ان کے آبا اجداد کے لیے جزا اور ان کے ثواب میں اضافے کے طور پر ہوگا، اس کے ساتھ ساتھ اللہ تعالیٰ آباؤ اجداد کے اعمال میں کوئی کمی واقع نہیں کرے گا۔