سورة الذاريات - آیت 47

وَالسَّمَاءَ بَنَيْنَاهَا بِأَيْدٍ وَإِنَّا لَمُوسِعُونَ

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

اور آسمان کو ہم نے اپنے دستِ (قدرت) سے بنایا اور ہم اسے وسیع کرتے [٤١] جارہے ہیں

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

اللہ تبارک وتعالی اپنی عظیم قدرت کو بیان فرماتے ہیں ﴿وَالسَّمَاءَ بَنَيْنَاهَا﴾ یعنی ہم نے آسمان کو تخلیق کیا اور نہایت مہارت سے بنایا اور اسے زمین اور اس کی موجودات کے لیے چھت بنایا۔ ﴿بِأَيْدٍ﴾ قوت سے۔ یعنی عظیم قدرت وقوت کے ساتھ۔ ﴿وَإِنَّا لَمُوسِعُونَ ﴾ اور ہم اس کو اس کے کناروں اور گوشوں تک وسعت دیتے ہیں۔ نیز ہم اپنے بندوں کے لیے بھی رزق کو وسیع کرتے ہیں بیابانوں کے چٹیل میدانوں میں، سمندروں کی سرکش موجوں میں اور عالم علوی اور عالم سفلی میں ان کے کناروں تک کوئی جاندار ایسا نہیں جس کو اللہ تعالیٰ نے اتنا رزق بہم نہ پہنچایا جو اس کے لیے کافی ہو اور اللہ تعالیٰ نے اس کو ایسے احسان سے نہ نوازا ہوا جو اسے بے نیاز کرتا ہو۔ پس پاک ہے وہ ذات جس کا جو دو کرم تمام مخلوقات کے لیے عام ہے اور نہایت بابرکت ہے وہ ہستی جس کی بے پایاں رحمت تمام جانداروں پر سایہ کناں ہے۔