سورة الذاريات - آیت 9

يُؤْفَكُ عَنْهُ مَنْ أُفِكَ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

اس سے وہی برگشتہ ہوتا [٤] ہے جس کے لئے برگشتہ ہونا مقدر ہوچکا

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿ يُؤْفَكُ عَنْهُ مَنْ أُفِكَ﴾ پس اس سے وہی پھرتا ہے جو ایمان سے پھرتا ہے اور اللہ تعالیٰ کے یقینی دلائل و براہین سے منہ موڑتا ہے۔ ان کے قول میں اختلاف اس کے فاسد اور باطل ہونے پر دلالت کرتا ہے جس طرح حق، جسے رسول مصطفی محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم لے کر آئے ہیں، متفق علیہ ہے، اس کا ایک حصہ دوسرے کی تصدیق کرتا ہے، اس میں کوئی تناقض ہے نہ کسی قسم کا اختلاف اور یہ چیز اس کے صحیح ہونے کی دلیل ہے نیز یہ اس بات کی دلیل ہے کہ یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہے۔ ﴿وَلَوْ كَانَ مِنْ عِندِ غَيْرِ اللّٰـهِ لَوَجَدُوا فِيهِ اخْتِلَافًا كَثِيرًا﴾ (النساء : 4؍82) ” اور اگر یہ قرآن غیر اللہ کی طرف سے ہوتا تو وہ اس میں بہت زیادہ اختلاف پاتے۔ “