هُوَ الَّذِي أَرْسَلَ رَسُولَهُ بِالْهُدَىٰ وَدِينِ الْحَقِّ لِيُظْهِرَهُ عَلَى الدِّينِ كُلِّهِ ۚ وَكَفَىٰ بِاللَّهِ شَهِيدًا
وہی تو ہے جس نے ہدایت اور دین حق دے کر اپنا رسول بھیجا تاکہ اسے باقی سب ادیان پر غالب [٤٤] کردے۔ اور (اس حقیقت پر) اللہ کی گواہی کافی ہے۔
اللہ تعالیٰ نے ایک حکم عام کے ذریعے سے آگاہ کرتے ہوئے فرمایا : ﴿هُوَ الَّذِي أَرْسَلَ رَسُولَهُ بِالْهُدَىٰ ﴾ ” وہی تو ہے جس نے اپنے رسول کو ہدایت دے کر بھیجا۔“ جو کہ علم نافع ہے، جو گمراہی میں راہ راست دکھاتا ہے اور خیر وشر کے تمام راستے واضح کردیتا ہے ﴿ وَدِينِ الْحَقِّ﴾ اور ایسے دین کے ساتھ بھیجا جو حق سے موصوف ہے اور اس سے مراد عدل، احسان اور رحمت ہے، نیز اس سے مراد ہر وہ عمل ہے جو دلوں کو پاک، نفوس کی تطہیر، اخلاق کی تربیت اور اقدار کو بلند کرتا ہے ﴿لِيُظْهِرَهُ﴾ تاکہ اس دین کو غالب کرے، جس کے ساتھ اللہ تعالیٰ نے آپ کو مبعوث فرمایا ہے ﴿عَلَى الدِّينِ كُلِّهِ﴾ ” تمام ادیان پر“ یعنی حجت و برہان کے ذریعے سے اور یہ دین تمام ادیان کو شمشیر و سناں کے ذریعے سے مطیع ہونے کی دعوت دے۔