سورة محمد - آیت 17

وَالَّذِينَ اهْتَدَوْا زَادَهُمْ هُدًى وَآتَاهُمْ تَقْوَاهُمْ

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

اور جن لوگوں نے ہدایت پائی ہے اللہ ان کو اور زیادہ ہدایت دیتا ہے [٢٠] اور تقویٰ عطا کرتا ہے۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

پھر اللہ تعالیٰ نے ہدایت یافتہ لوگوں کا حال بیان کیا۔ فرمایا : ﴿ وَالَّذِينَ اهْتَدَوْا ﴾ وہ لوگ جنہوں نے ایمان، اطاعت اور اللہ تعالیٰ کی رضا کی اتباع کے ذریعے سے ہدایت پائی ﴿ زَادَهُمْ هُدًى ﴾ اللہ تعالیٰ نے ان کی قدر اور توقیر کے لئے ان کی ہدایت میں اضافہ کردیا ﴿ وَآتَاهُمْ تَقْوَاهُمْ﴾ ” اور انہیں ان کی پرہیز گاری عطا فرمائی“ یعنی انہیں خیر کی توفیق بخشی اور شر سے ان کی حفاظت کی۔ پس اللہ تعالیٰ نے ان کے لئے دو قسم کی جزا کا ذکر کیا ہے یعنی علم نافع اور عمل صالح۔